اسپارکو نے محرم الحرام کے چاند سے متعلق اہم پیشگوئی کردی

SUPARCO Predicts Muharram Moon
نئے اسلامی سال 1448 ہجری کے آغاز اور محرم الحرام کے چاند کی رویت کے حوالے سے فلکیاتی ماہرین اور محکمہ موسمیات کی رپورٹس سامنے آگئی ہیں۔
فلکیاتی ادارے اسپارکو کے مطابق نئے چاند کی پیدائش 15 جون کی صبح 7 بج کر 54 منٹ پر متوقع ہے۔ تاہم چاند کی عمر غروب آفتاب کے وقت صرف 11 گھنٹے 50 منٹ ہوگی، جو رویت کے لیے کم سمجھی جاتی ہے۔ اس وجہ سے 15 جون کو چاند دیکھنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔
محکمہ موسمیات نے بھی اسی طرح کی پیشگوئی کی ہے۔ ادارے کے مطابق 15 جون یعنی 29 ذوالحج کی شام ملک کے بیشتر علاقوں میں چاند نظر نہیں آئے گا۔ اس دن موسم زیادہ تر صاف یا جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب میں چاند رات 7 بج کر 59 منٹ پر غروب ہوگا۔ سندھ میں چاند کے غروب ہونے کا وقت 8 بج کر 55 منٹ بتایا گیا ہے۔ آزاد کشمیر میں یہ وقت 8 بج کر 7 منٹ ہوگا جبکہ گلگت بلتستان میں چاند 8 بج کر 12 منٹ پر غروب ہوگا۔ خیبر پختونخوا میں چاند 8 بج کر 23 منٹ پر غروب ہوگا اور بلوچستان میں سب سے آخر میں 8 بج کر 34 منٹ پر چاند غروب ہونے کا امکان ہے۔
دونوں اداروں کے مطابق ان حالات میں چاند کی رویت کے امکانات بہت کم ہیں، اسی لیے محرم الحرام کے آغاز کا زیادہ امکان 17 جون بروز بدھ بتایا جا رہا ہے۔
تاہم حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی جس کا اجلاس 15 جون کی شام لاہور کی تاریخی بادشاہی مسجد میں منعقد ہوگا۔ اجلاس میں ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتوں کی بنیاد پر نئے اسلامی سال کے آغاز کا فیصلہ کیا جائے گا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









