بدھ، 17-جون،2026
بدھ 1448/01/02هـ (17-06-2026م)

بلوچستان میں لیویز فورس کا پولیس میں انضمام مکمل، 32 ہزار سے زائد اہلکار پولیس کا حصہ بن گئے

17 جون, 2026 11:31

بلوچستان میں قیامِ امن اور انتظامی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے لیویز فورس کا محکمہ پولیس میں انضمام کا عمل کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا گیا ہے، جس کے بعد صوبے سے اے اور بی ایریا کا فرق ختم ہو گیا۔

بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے لیویز فورس کو پولیس میں شامل کرنے کا یہ اہم عمل سال 2025 میں شروع ہوا تھا، جو اب جون 2026 میں مکمل ہو چکا ہے۔

اس منصوبے کے تحت بلوچستان بھر سے 32 ہزار 942 لیویز اہلکاروں کو ایک نئے انتظامی ڈھانچے کے تحت بلوچستان پولیس کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔

اس انضمام کے بعد اب ڈائریکٹر جنرل لیویز آفس اور زونل ڈائریکٹوریٹس کے تمام عملے کو پولیس میں رپورٹ کرنے کی باقاعدہ ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : بلوچستان کی ایک اور بیٹی کانسٹیبل شکیلہ بلوچ ہندو پراکسی کی نظر

اس اہم اقدام کے بعد صوبے میں برسوں سے قائم اے اور بی ایریا کا نظام مکمل طور پر ختم ہو گیا ہے اور اب پورے بلوچستان میں امن و امان برقرار رکھنے کی تمام تر ذمہ داری براہِ راست محکمہ پولیس کے دائرہ کار میں ہوگی۔

انسپکٹر جنرل بلوچستان پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ شہریوں کے مسائل کا میرٹ پر اور وقت کے اندر حل ہماری سب سے پہلی ترجیح ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پولیس فورس میں شامل ہونے والے لیویز کے یہ ہزاروں جوان اب پولیس کی طاقت میں مزید اضافے کا باعث بنیں گے، جس سے عام شہریوں کے مسائل کو زیادہ بہتر اور تیز رفتاری سے حل کرنے میں مدد ملے گی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔