انجمن حسینیہ بھمبر کا کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سے مکمل لاتعلقی کا اعلان

انجمن حسینیہ بھمبر آزاد کشمیر نے کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سے مکمل لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کشیدگی کے خاتمے اور احتجاج ختم کرنے کی اپیل کر دی۔
انجمن حسینیہ بھمبر آزاد کشمیر کی طرف سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق محرم الحرام کا مہینہ صبر، قربانی، ایثار اور حق و صداقت کے پیغام کو یاد کرنے کا مہینہ ہے۔
اس انتشاری کمیٹی کی پرتشدد کارروائیوں کی وجہ سے علاقے میں دفعہ 144 نافذ ہے، جس کی وجہ سے مذہبی اجتماعات اور مجالس کے متاثر ہونے کا شدید خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
اعلامیہ میں واضح کیا گیا ہے کہ انجمن حسینیہ کا کسی بھی قسم کی احتجاجی تحریک سے کوئی تعلق نہیں ہے، اس لیے نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ کشیدگی اور تصادم کا باعث بننے والے تمام اقدامات سے دور رہیں۔
یہ بھی پڑھیں : نواز شریف نے آزاد کشمیر کی صورتحال پر ن لیگ کا اجلاس طلب کر لیا
انجمن نے کالعدم ایکشن کمیٹی سے اپیل کی ہے کہ وہ محرم الحرام کے تقدس اور عوام کی مذہبی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے احتجاج کو فوری طور پر ختم کرے اور علاقے میں کشیدگی کا خاتمہ کرے تاکہ تمام لوگ، خصوصاً عزادارانِ امام حسین، اپنے مذہبی فرائض پورے اطمینان اور سکون کے ساتھ ادا کر سکیں۔
اعلامیہ میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ مذاکرات، برداشت اور باہمی احترام ہی تمام مسائل کا بہترین حل ہیں اور یہی چیز مذہبی ہم آہنگی کے تقاضوں کے مطابق ہے۔
اس سے قبل کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی پرتشدد کارروائیوں کی وجہ سے آزاد جموں و کشمیر کے امن و امان کو شدید نقصان پہنچا ہے، جس کے بعد اب مختلف طبقات کی جانب سے ان سرگرمیوں سے دوری اختیار کی جا رہی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











