بدھ، 17-جون،2026
بدھ 1448/01/02هـ (17-06-2026م)

وفاقی بجٹ پر تحفظات، حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان اہم مذاکرات جاری

17 جون, 2026 15:10

وفاقی بجٹ کے اعدادوشمار پر موجود تحفظات کو دور کرنے کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس میں حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے درمیان اہم مذاکراتی ملاقات جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ اہم ملاقات اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے چیمبر میں ہو رہی ہے۔ اس بیٹھک میں اسپیکر ایاز صادق کے ساتھ وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی اور مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری حکومت کی نمائندگی کر رہے ہیں، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے اعجاز جاکھرانی، قادر پٹیل اور سینیٹر شیری رحمان شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پنجاب حکومت نے تیسرا سرپلس بجٹ پیش کر کے نیا ریکارڈ قائم کیا ہے، عظمیٰ بخاری

مذاکرات کے دوران پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان نے اسپیکر قومی اسمبلی کے سامنے اپنی پارٹی کے وفاقی بجٹ سے متعلق تمام تحفظات اور اعتراضات کو تفصیلاً رکھا ہے۔

حکومتی ٹیم ان تحفظات کو دور کرنے اور پیپلز پارٹی کو بجٹ کے اعدادوشمار پر مطمئن کرنے کی مسلسل کوشش کر رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں جماعتوں کے درمیان گزشتہ دو دنوں سے ان مذاکراتی ملاقاتوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے اور حکومتی ذرائع نے امید ظاہر کی ہے کہ پیپلز پارٹی کے بجٹ سے متعلق تمام تحفظات کو بہت جلد افہام و تفہیم کے ساتھ دور کر لیا جائے گا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔