جمعرات، 18-جون،2026
جمعرات 1448/01/03هـ (18-06-2026م)

صدر آصف زرداری کا اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کا خیر مقدم

18 جون, 2026 13:50

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کو خطے اور دنیا کے لیے ایک تاریخی پیش رفت قرار دیتے ہوئے اس کا خیرمقدم کیا ہے۔

صدر آصف زرداری نے کہا کہ تنازع کے باعث خطے کے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ عالمی توانائی کی فراہمی، تجارت اور معاشی استحکام بھی متاثر ہوا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں ایسی صورتحال دوبارہ پیدا نہیں ہوگی۔

صدر مملکت نے کہا کہ خطے کے ممالک کو اب جنگی حالات کے بجائے ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح پر توجہ دینی چاہیے۔ ان کے مطابق امن ہی ترقی اور استحکام کا واحد راستہ ہے۔

آصف زرداری نے بحران کے دوران پاکستان کے کردار کو متوازن، اصولی اور تعمیری قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے مذاکرات، تحمل اور پرامن حل کی حمایت کی۔

انہوں نے فیلڈ مارشل، وزیراعظم، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی کی سفارتی کوششوں کو بھی سراہا۔

صدر مملکت نے امریکی صدر، ایرانی قیادت اور عباس عراقچی کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے قطر، سعودی عرب، ترکیہ، مصر، روس اور چین کی امن کوششوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے تمام فریقین پر زور دیا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور مقررہ وقت میں حتمی معاہدے تک پہنچنے کے لیے کوششیں تیز کی جائیں۔

صدر آصف زرداری نے کہا کہ جنگ ختم کرنے والے ہیرو ہوتے ہیں، کیونکہ جنگ تباہی کے سوا کچھ نہیں لاتی۔ پاکستان امن اور خوشحالی کے سفر میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔