جمعہ، 19-جون،2026
جمعہ 1448/01/04هـ (19-06-2026م)

وزیر اعظم کا شہید علی خامنہ ای کے جنازے میں وفد بھیجنے کا اعلان

19 جون, 2026 12:52

وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کو پاکستان کے لیے ایک عظیم سفارتی کامیابی اور معاشی خوشحالی کا ذریعہ قرار دیا ہے۔

وزیراعظم  شہباز شریف نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے دنیا کے ہر خطے میں پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے اور اس عظیم مقصد کے حصول کے لیے شب و روز محنت کرنے والے تمام افراد قابلِ تحسین ہیں۔

انہوں نے خاص طور پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہوں نے اس سمجھوتے کو حتمی شکل دلانے میں سب سے اہم کردار ادا کیا اور دن رات کام کر کے پہاڑ جیسے مسائل حل کیے۔

وزیراعظم نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیرِ داخلہ محسن نقوی کے کردار کو بھی سراہا اور قائدِ حزبِ اختلاف سمیت تمام اراکینِ اسمبلی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ایوان سے اس کامیابی پر متفقہ قرارداد منظور کرنے کی اپیل کی تاکہ دنیا کو قومی اتحاد کا واضح پیغام جائے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفونک گفتگو ہوئی، جنہوں نے پاکستان کے تعاون پر اپنی اور ایرانی قوم کی طرف سے شکریہ ادا کیا ہے، اور انہوں نے ایرانی صدر کو جلد پاکستان آنے کی دعوت دی ہے، جس پر ایرانی صدر نے پاکستان آ کر شکریہ ادا کرنے کی حامی بھری ہے۔

یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیئے، ایران کے پاس میزائل نہ ہونا ناانصافی ہوگی، ٹرمپ

وزیراعظم نے یہ بھی اعلان کیا کہ ایک پاکستانی وفد شہید آیت اللہ خامنہ ای کے جنازے میں شرکت کرے گا۔

انہوں نے معاشی فوائد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس جنگ بندی کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں تیزی سے نیچے آ رہی ہیں، جس کا فائدہ عوام کو پہنچے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ 3 ماہ پہلے جب جنگ چھڑی تھی تو تیل کی قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی ہوئی تھی جس پر قابو پانے کے لیے حکومت نے اپنے وسائل سے 128 ارب روپے کی سبسڈی دی تھی، اور اب تیل کی ہفتہ وار قیمتوں کے تعین میں خاطر خواہ کمی متوقع ہے۔

وزیراعظم نے صوبوں کی طرف سے وفاق کو وسائل دینے پر شکریہ ادا کیا، ساتھ ساتھ امن عمل میں تعاون کرنے پر چین، سعودی عرب، قطر، ترکیہ اور مصر کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ عزت اور وقار قوموں کو صدیوں میں نصیب ہوتا ہے، جو آج اللہ نے ہمیں عطا کیا ہے، اس لیے ہمیں ایک صف میں کھڑے ہو کر اتحاد کا پیغام دینا چاہیے تاکہ دشمن ہکے بکے رہ جائیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔