جمعہ، 19-جون،2026
جمعہ 1448/01/04هـ (19-06-2026م)

ڈیرہ اسماعیل خان میں آندھی اور موسلا دھار بارش سے تباہی، دو خواتین سمیت 4 افراد جاں بحق

19 جون, 2026 13:51

ڈیرہ اسماعیل خان اور گردونواح میں اچانک آنے والی تیز آندھی اور موسلا دھار بارش کے باعث مختلف حادثات میں 4 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔

ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور اس کے نواحی علاقوں میں شدید طوفانی ہواؤں اور بارش نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے، جس سے درخت، بجلی کے کھمبے اور سائن بورڈ گر گئے اور بجلی کا نظام مکمل طور پر درہم برہم ہو گیا۔ مختلف مقامات پر دیواریں اور عمارتوں کے حصے گرنے کے متعدد واقعات پیش آئے۔

پہاڑپور کے نواحی علاقے وانڈا خالق شاہ میں تیز آندھی کے دوران ایک گھر کی چار دیواری گرنے سے بکریوں کا باڑا تباہ ہو گیا اور کئی بھینسیں اور مویشی ملبے تلے دب کر ہلاک ہو گئے، جس سے لاکھوں روپے کا نقصان ہوا۔

یہ بھی پڑھیں : ڈیرہ اسماعیل خان میں چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ، پولیس نے ناکام بنا دیا

اسی علاقے میں ایک اور واقعے میں گھر کی دیوار گرنے سے 2 خواتین جاں بحق ہو گئیں۔ پہاڑپور شہر میں نادرا دفتر والی گلی کے موڑ پر ایک دکان کی چھت پر خیبر بینک کی بالائی دیوار گر گئی، جس کے ملبے تلے دب کر کامران نامی شخص موقع پر جاں بحق ہو گیا، جبکہ 2 افراد شدید زخمی ہوئے، جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

بگوانی شمالی کے علاقے چاہ ڈیال والا میں بھی دیوار گرنے سے ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔ اس کے علاوہ بند کورائی کے علاقے زندر میں دیوار گرنے سے ایک خاتون اور بچہ ملبے تلے دب گئے، جن کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔

مقامی افراد اور ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے متاثرہ علاقوں میں فوری امدادی سرگرمیاں شروع کر کے زخمیوں کو اسپتال پہنچایا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔