ہفتہ، 20-جون،2026
ہفتہ 1448/01/05هـ (20-06-2026م)

کن افراد کے شناختی کارڈ فوری بلاک کردیے جائیں گے؟ نادرا نے بتادیا

20 جون, 2026 09:34

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے جعلی اور مشکوک شناختی کارڈز کے خلاف اپنی کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں۔

 اس سلسلے میں نادرا کے ریجنل ہیڈ کوارٹر نے مشکوک شناختی کارڈ رکھنے والے افراد کی نئی فہرست جاری کر دی ہے۔ متعلقہ افراد کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دو ہفتوں کے اندر نادرا بورڈ کے سامنے پیش ہو کر اپنی شناخت کی تصدیق کروائیں۔

نادرا حکام کے مطابق جن افراد کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں، اگر وہ مقررہ مدت میں پیش نہ ہوئے تو ان کے قومی شناختی کارڈ فوری طور پر بلاک کر دیے جائیں گے۔

رپورٹس کے مطابق خیبرپختونخوا میں مزید 1152 سے زائد مشکوک شناختی کارڈ ہولڈرز کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔ نادرا نے ان افراد سے تمام ضروری دستاویزات کے ساتھ مقررہ وقت پر حاضر ہونے کی ہدایت کی ہے تاکہ ان کے ریکارڈ کی مکمل جانچ کی جا سکے۔

جاری کیے گئے نوٹسز میں سب سے زیادہ افراد کا تعلق پشاور سے ہے، جہاں 874 افراد کو طلب کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ چارسدہ کے 192 جبکہ ٹانک کے 81 افراد کو بھی نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔ ضلع تورغر کے 2 اور جہلم کے ایک مشکوک شناختی کارڈ ہولڈر کو بھی تصدیق کے لیے طلب کیا گیا ہے۔

نادرا کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں جعلی شناختی کارڈز کے خلاف کارروائی مسلسل جاری رہے گی۔ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے شناختی ریکارڈ کو درست رکھیں اور اگر انہیں نادرا کی جانب سے کوئی نوٹس موصول ہو تو مقررہ وقت کے اندر متعلقہ دفتر میں حاضر ہو کر اپنی شناخت کی تصدیق ضرور کروائیں۔ اس عمل سے غیر قانونی شناختی دستاویزات کی روک تھام میں مدد ملے گی اور قومی ڈیٹا مزید محفوظ بنایا جا سکے گا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔