بلوچستان گرینڈ الائنس کا احتجاج میں توسیع اور مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان

بلوچستان گرینڈ الائنس نے ملازمین پر پولیس تشدد اور گرفتاریوں کے خلاف صوبے بھر میں احتجاج میں توسیع کرتے ہوئے تمام سرکاری دفاتر اور اسپتالوں میں لاک ڈاؤن برقرار رکھنے کا اعلان کردیا۔
بلوچستان گرینڈ الائنس نے صوبے بھر میں جاری ملازمین کے احتجاج کے دائرے کو مزید بڑھانے کا اعلان کر دیا ہے۔ کوئٹہ سمیت صوبے کے تمام سرکاری دفاتر، اسکول، کالج اور ہسپتالوں میں ماسوائے ایمرجنسی کے مکمل لاک ڈاؤن برقرار ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ہتھیار ڈالنے تک دہشت گردوں سے کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے، وزیر اعلیٰ بلوچستان
بلوچستان گرینڈ الائنس کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ 17 جون کو کوئٹہ میں ملازمین کے پرامن احتجاج پر پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج، شیلنگ اور گرفتاریاں کی گئیں جس کے نتیجے میں متعدد ملازمین زخمی ہوئے اور 50 ملازمین کو جیل بھیج دیا گیا۔ یہ سرکاری ملازمین اس وقت جیلوں میں قید ہیں اور مختلف سخت صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں۔
الائنس نے واضح کیا ہے کہ ملازمین اپنے جائز، آئینی اور تسلیم شدہ مطالبات سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے اور حکومت کو ملازمین کے بنیادی مسائل فوری حل کرنے ہوں گے۔
ان کے مطالبات میں ڈسپیریٹی ریڈکشن الاؤنس کی منظوری، گرفتار ملازمین کی فوری رہائی، ملازمین کے خلاف جبری ریٹائرمنٹ کے اقدامات کا خاتمہ اور تمام تادیبی کارروائیوں کی واپسی شامل ہے۔
ملازمین نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگر ان کے جائز مطالبات پر سنجیدگی سے غور نہ کیا گیا تو احتجاجی تحریک کو مزید وسعت دی جائے گی اور اس صورتحال کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہو گی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










