آزاد کشمیر کی کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی سے ایک اور ممبر انجم زمان اعوان کا لاتعلقی کا اعلان

آزاد کشمیر میں سرگرم کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے اہم کور ممبر انجم زمان اعوان نے ویڈیو پیغام کے ذریعے تنظیم کی تباہ کن سیاست سے مکمل لاتعلقی کا اعلان کر دیا۔
بیرونی اشاروں پر آزاد کشمیر میں افراتفری اور قتل و غارت پھیلانے والی انتشاری کمیٹی کو اس وقت ایک اور بڑا جھٹکا لگا ہے، جب اس کے اپنے ہی ارکان نے تنظیم سے علیحدگی اختیار کرنا شروع کر دی ہے۔
کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے کور ممبر انجم زمان اعوان نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے کمیٹی کے انتشاری بیانیے کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے نوجوانوں کو مثبت سیاست کی جانب واپس آنے کی اپیل کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : کالعدم ایکشن کمیٹی کی تمام سازشیں ناکام، آزاد کشمیر میں انتخابی سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئیں
انجم زمان اعوان کا کہنا تھا کہ بحیثیت کور ممبر وہ نوجوانوں کو حقیقت بتانا چاہتے ہیں کہ جن علیحدگی اور خودمختاری کے نعروں پر انہیں اکسایا جا رہا ہے، ان کے پیچھے دراصل پاکستان دشمن قوتیں اور ایجنسیاں کام کر رہی ہیں اور ان کے پس پردہ مخصوص ڈیلز موجود ہیں۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ ایک پرامن تحریک کا رخ جان بوجھ کر بدلا گیا اور نوجوانوں کو قانون شکنی پر مجبور کیا گیا، جس سے ان کے مستقبل کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
انجم زمان اعوان نے کہا کہ وہ اس تباہ کن سیاست سے خود کو الگ کرتے ہیں اور سب سے درخواست کرتے ہیں کہ کسی ایسے گروہ یا تنظیم کا حصہ نہ بنیں، جس کے اندر پاکستان دشمنی کا ایجنڈا ہو۔
واضح رہے کہ انجم زمان اعوان سے قبل ایک اور کور ممبر امجد علی خان ایڈووکیٹ بھی اس کالعدم کمیٹی سے اظہار لاتعلقی کر چکے ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










