بدھ، 24-جون،2026
بدھ 1448/01/09هـ (24-06-2026م)

دبئی ورک ویزے کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے ہتھیانے والا مبینہ انسانی اسمگلر گرفتار

24 جون, 2026 14:35

دبئی ورک ویزے کے نام پر شہریوں سے لاکھوں روپے وصول کرنے والے مبینہ انسانی اسمگلر کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے گرفتار کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل ساہیوال نے انسانی اسمگلنگ اور جعلی امیگریشن ایجنٹوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے ملزم قربان علی کو حراست میں لے لیا۔


ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزم سادہ لوح شہریوں کو بیرون ملک پرکشش ملازمتوں اور ورک ویزوں کا لالچ دے کر بھاری رقوم وصول کرتا تھا۔

ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ ملزم بغیر کسی قانونی اجازت نامے کے اوورسیز روزگار فراہم کرنے کا غیر قانونی کاروبار چلا رہا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے پاس حکومت پاکستان کی جانب سے جاری کردہ "اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹر” کا لائسنس بھی موجود نہیں تھا۔

تحقیقات کے دوران یہ بھی سامنے آیا کہ ملزم نے ایک شہری سے دبئی کا ورک ویزہ فراہم کرنے کے وعدے پر لاکھوں روپے وصول کیے، تاہم رقم حاصل کرنے کے بعد وہ روپوش ہو گیا تھا۔


ایف آئی اے نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کر لیا ہے جبکہ اس سے وابستہ ممکنہ نیٹ ورک اور دیگر سہولت کاروں کی نشاندہی کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔

حکام نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ بیرون ملک ملازمت یا ویزے کے حصول کے لیے صرف لائسنس یافتہ اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز سے رابطہ کریں اور کسی بھی غیر مصدقہ ایجنٹ کو رقم ادا کرنے سے گریز کریں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔