بیرون ملک جانے سے پہلے ملازمت سے متعلق ایک کام لازمی کریں

Verify Your Job Offer Before Going Abroad
بیرونِ ملک روزگار کی تلاش کرنے والے پاکستانیوں کیلئے اب مختلف ممالک میں موجود ہزاروں ملازمتوں کی معلومات ایک ہی جگہ آن لائن دستیاب ہیں۔ اس کے ساتھ امیدوار اپنی پسند کی ملازمت کی قانونی حیثیت بھی آسانی سے چیک کر سکتے ہیں۔
بیورو آف ایمیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے اپنے فارن جابز پورٹل پر مختلف ممالک میں موجود خالی آسامیوں کی تفصیلات فراہم کر رکھی ہیں۔ اس پورٹل کے ذریعے امیدوار اپنی تعلیم، تجربے اور مہارت کے مطابق ملازمتیں تلاش کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ متعلقہ ریکروٹنگ ایجنسی کی تصدیق بھی کی جا سکتی ہے تاکہ جعلی ملازمتوں سے بچا جا سکے۔
بیورو کے مطابق بیرونِ ملک بھیجی جانے والی ہر ملازمت پہلے مکمل قانونی جانچ کے عمل سے گزرتی ہے۔ صرف وہی ریکروٹنگ ایجنسیاں بھرتی کی اجازت حاصل کرتی ہیں جن کے دستاویزات ایمیگریشن رولز 1979 کے مطابق تصدیق شدہ ہوں۔ اس تصدیق میں پاکستانی سفارت خانے، متعلقہ ملک کی وزارتِ خارجہ یا پاکستان میں موجود اس ملک کے سفارت خانے کا کردار بھی شامل ہوتا ہے۔
ہر منظور شدہ ملازمت کو ایک منفرد پرمیشن نمبر دیا جاتا ہے۔ یہ نمبر اشتہار میں درج ہونا لازمی ہوتا ہے تاکہ امیدوار آسانی سے اس کی تصدیق کر سکیں۔ اجازت ملنے کے بعد تمام خالی آسامیاں خودکار نظام کے ذریعے بیورو کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دی جاتی ہیں۔ جب بھرتی مکمل ہو جائے یا مقررہ مدت ختم ہو جائے تو یہ آسامیاں خودکار طور پر ویب سائٹ سے ہٹا دی جاتی ہیں۔
بیورو نے واضح کیا ہے کہ بیرونِ ملک ملازمت حاصل کرنے والے افراد کے روزگار، معاہدے اور دیگر معاملات کی ذمہ داری متعلقہ لائسنس یافتہ ریکروٹنگ ایجنسی پر ہوتی ہے۔ اسی لیے کسی بھی آفر کو قبول کرنے سے پہلے اس کی مکمل تصدیق کرنا ضروری ہے۔
اگر کسی امیدوار کو ملازمت، ریکروٹنگ ایجنسی یا معاہدے سے متعلق شکایت ہو تو وہ بیورو آف ایمیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ یا پروٹیکٹر آف ایمیگرنٹس کے دفتر سے رابطہ کر سکتا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












