جمعرات، 25-جون،2026
جمعرات 1448/01/10هـ (25-06-2026م)

حکومت نے بی بی سی اردو کی آزاد کشمیر سے متعلق رپورٹ مسترد کردی

25 جون, 2026 14:52

پاکستان اور حکومتِ آزاد جموں و کشمیر نے بی بی سی اردو کی راستوں کی بندش سے متعلق رپورٹ کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اسے حقائق کے منافی قرار دے دیا۔

وزارتِ اطلاعات و نشریات پاکستان اور حکومتِ آزاد جموں و کشمیر نے بی بی سی اردو کی جانب سے جاری کردہ اس رپورٹ کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ آزاد کشمیر میں راستے بند ہیں۔

وزارتِ اطلاعات کے فیکٹ چیک کے مطابق کسی بھی گمنام ذریعے کے بیان کو بغیر کسی قابلِ اعتماد تصدیق کے خبر کی بنیاد بنانا ایک مخصوص بیانیے کی تشکیل کا تاثر دیتا ہے۔

حکومتِ آزاد کشمیر کے فیکٹ چیک میں واضح کیا گیا ہے کہ بی بی سی اردو کا یہ دعویٰ بلکل جھوٹا ہے کہ پولیس نے شہریوں کو خوراک، ادویات اور ایندھن لے جانے سے راستوں میں روک دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم اپنی کابینہ کے وزرا کو کنٹرول کریں، خواجہ آصف کو کشمیریوں سے معافی مانگنی چاہیے، بلاول بھٹو

رپورٹ کا عنوان اور مرکزی الزام صرف ایک گمنام شخص کی باتوں پر مبنی ہے، جس کا کوئی ویڈیو ثبوت، آزاد گواہی یا سرکاری بیان شامل نہیں ہے۔

زمینی حقائق کے مطابق آزاد کشمیر کی تمام شاہراہیں ٹریفک کے لیے بلکل کھلی ہیں اور گاڑیوں کی نقل و حرکت میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔

23 جون کو چیف سیکریٹری اور آئی جی پولیس آزاد جموں و کشمیر نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں بھی ان دعوؤں کی سختی سے تردید کی تھی۔

فیکٹ چیک کے مطابق سڑکوں پر جو تھوڑی بہت مشکلات پیش آئیں، ان کی وجہ کالعدم ایکشن کمیٹی کے مظاہرین تھے، جنہوں نے سامان سے بھری گاڑیوں کو روک کر لوٹنے کی کوشش کی تھی۔

اس موقع پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے سامان اور گاڑیوں کو تحفظ فراہم کیا اور راستوں کو کھلا رکھا۔

حکومت نے عالمی میڈیا کو نصیحت کی ہے کہ وہ صحافتی اقدار کا خیال رکھیں اور غیر مصدقہ و گمراہ کن خبریں چھاپنے سے گریز کریں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔