جمعہ، 26-جون،2026
جمعہ 1448/01/11هـ (26-06-2026م)

نواسہ رسولؐ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کی یاد میں ملک بھر میں آج یوم عاشور منایا جا رہا ہے

26 جون, 2026 10:29

نواسہ رسولﷺ حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کی یاد میں آج ملک بھر میں یومِ عاشور (10 محرم الحرام) انتہائی مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

اس سلسلے میں کراچی، لاہور، راولپنڈی، پشاور، کوئٹہ، سکھر اور حیدرآباد سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں سے تعزیتی و ماتمی جلوس برآمد ہو کر اپنے روایتی راستوں پر گامزن ہیں، جبکہ مجالسِ عزاء کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

ملک گیر سیکیورٹی انتظامات

عاشورہ کے اجتماعات اور جلوسوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ملک بھر میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت اور غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔ حساس علاقوں میں دفعہ 144 نافذ کر کے اسلحے کی نمائش پر مکمل پابندی عائد ہے جبکہ سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر متعدد شہروں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز جزوی طور پر معطل ہیں۔

اس کے علاوہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے مختلف اضلاع میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی ہے۔ جلوسوں کے روٹس کو کنٹینرز اور رکاوٹیں کھڑی کر کے سیل کر دیا گیا ہے جہاں پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری کے ساتھ ساتھ خصوصی چیک پوسٹیں قائم کر کے نگرانی کی جا رہی ہے۔

صوبائی دارالحکومتوں اور بڑے شہروں کے مرکزی جلوس

  • لاہور: نثار حویلی سے برآمد ہونے والا شبیہِ ذوالجناح کا مرکزی جلوس روایتی راستوں پر گامزن ہے جس میں ہزاروں عزادار شریک ہیں۔ جلوس محلہ شیعاں پہنچا جہاں اذانِ علی اکبرؑ ادا کی گئی، جس کے بعد یہ اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔
  • کراچی: شہرِ قائد کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا جو ایم اے جناح روڈ اور اپنے دیگر روایتی راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیان امام بارگاہ کھارادر پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔
  • راولپنڈی: راولپنڈی کا مرکزی جلوس امام بارگاہ عاشق حسین سے برآمد ہو کر اپنے مقررہ راستوں کی طرف پیش قدمی کر رہا ہے۔
  • کوئٹہ: بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر عاشق حسین ہزارہ کی قیادت میں مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینی سادات سید آباد علمدار روڈ سے برآمد ہوا۔ جلوس میں شبیہِ ذوالجناح، علم اور تعزیوں کے 35 دستے شامل ہیں، جبکہ عزاداروں کے لیے راستوں میں ناشتے، لنگر، ٹھنڈے پانی اور شربت کی سبیلیں اور طبی امدادی کیمپ لگائے گئے ہیں۔ یہ جلوس شامِ مغربین کے بعد اختتام پذیر ہوگا۔
  • پشاور: پشاور میں یومِ عاشور کا پہلا جلوس امام بارگاہ آغا سید علی رضی شاہ سے برآمد ہوا، جس کے بعد مزید 12 ماتمی جلوس برآمد ہو کر اپنی منزل کی جانب روانہ ہوں گے۔

شامِ غریباں کا انعقاد

ملک بھر میں ماتمی جلوسوں کے اپنے مقررہ مقامات پر اختتام کے بعد تمام امام بارگاہوں میں ‘شامِ غریباں’ کی مجالس ہوں گی، جن میں ذاکرینِ اہل بیتؑ واقعہ کربلا کے بعد اسیرانِ کربلا پر ڈھائے جانے والے مصائب بیان کریں گے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔