ہفتہ، 27-جون،2026
ہفتہ 1448/01/12هـ (27-06-2026م)

سرکاری ملازمین اور ریٹائرڈ افراد کی تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کے نظام میں بڑی تبدیلی

27 جون, 2026 11:00

سندھ حکومت نے تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کے پرانے طریقے کو بدل دیا ہے۔ اب سرکاری ملازمین کو اپنی تنخواہ کے لیے اگلے مہینے کی پہلی تاریخ کا انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔

اکاؤنٹنٹ جنرل (اے جی) سندھ کے دفتر سے اس سلسلے میں باقاعدہ ایک نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔ اس نئے سرکاری حکم نامے کے تحت اب تمام حاضر سروس سرکاری ملازمین کو ہر مہینے کی 25 تاریخ کو ہی ان کی تنخواہ مل جایا کرے گی۔ اس کے ساتھ ہی ریٹائر ہونے والے افراد کو بھی ہر ماہ کی 26 تاریخ کو پنشن منتقل کر دی جائے گی۔

اس نئے نظام میں دوسری تمام چھوٹی بڑی ادائیگیوں کے لیے بھی دن مقرر کر دیے گئے ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ملازمین کے دیگر الاؤنسز یا اضافی پیسے ہر مہینے کی 29 تاریخ تک پورے کر دیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ جنرل پروویڈنٹ فنڈ (جی پی فنڈ) اور تنخواہوں کے پرانے بقایاجات (ایریئرز) کا کام ہر ماہ کی 6 تاریخ سے 16 تاریخ کے درمیان مکمل کیا جائے گا، جبکہ کچھ دوسری ادائیگیاں مہینے کی 20 تاریخ کو پروسیس ہوا کریں گی۔

اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ نے اس نئے نظام کو کامیاب بنانے کے لیے تمام سرکاری محکموں کے افسران کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام محکمے اپنے ملازمین کے پے رول اور بجٹ کی فائلیں وقت پر اے جی سندھ کے دفتر میں جمع کروائیں۔ اگر فائلوں میں تاخیر ہوگی تو ملازمین کے بینک اکاؤنٹ میں فنڈز وقت پر نہیں جا سکیں گے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔