لاہور میں جعلی نمبر پلیٹس کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن؛ ہزاروں گاڑیوں کے چالان جاری

Car and motorcycle owners, take note! A tough decision has been made
لاہور ٹریفک پولیس نے جعلی، بوگس اور غیر قانونی نمبر پلیٹس استعمال کرنے والوں کے خلاف خصوصی کریک ڈاؤن تیز کر دیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ای چالان سسٹم سے بچنے کے لیے نمبر پلیٹس میں ردوبدل کرنے یا جعلی نمبر پلیٹس لگانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔ اس مہم کا مقصد ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنانا اور سڑکوں پر شفاف نگرانی کے نظام کو مؤثر بنانا ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق جون کے دوران جعلی یا بوگس نمبر پلیٹس استعمال کرنے والے 71 موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں کے مالکان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔ نمبر پلیٹ کے حروف یا ہندسوں میں جان بوجھ کر تبدیلی کرنا، جعلی نمبر پلیٹ لگانا یا ای چالان سے بچنے کے لیے پلیٹ کو غیر واضح بنانا قانوناً جرم ہے، جس پر مقدمہ بھی درج کیا جا سکتا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق بغیر نمبر پلیٹ یا صرف "اپلائیڈ فار” کی پرچی کے ساتھ سڑکوں پر چلنے والی 7 ہزار 849 گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کو چالان جاری کیے گئے۔ اس کے علاوہ ایکسائز کے مقررہ ڈیزائن کے بجائے فینسی یا غیر منظور شدہ نمبر پلیٹس استعمال کرنے پر 4 ہزار 559 گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے خلاف بھی کارروائی کی گئی۔
ٹریفک پولیس نے ان گاڑیوں کو بھی نشانہ بنایا جن کی نمبر پلیٹس اس انداز میں لگائی گئی تھیں کہ کیمرے نمبر واضح طور پر نہ پڑھ سکیں۔ ایسے معاملات میں ٹیڑھی، مڑی ہوئی یا جان بوجھ کر چھپائی گئی نمبر پلیٹس پر 4 ہزار 579 گاڑیوں کے چالان کیے گئے۔
صرف کارروائی ہی نہیں بلکہ شہریوں میں آگاہی پیدا کرنے پر بھی توجہ دی گئی۔ ٹریفک پولیس نے جون کے دوران 40 ہزار سے زائد گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے مالکان کو درست نمبر پلیٹس، ای چالان سسٹم اور ٹریفک قوانین کے بارے میں معلومات فراہم کیں تاکہ وہ مستقبل میں کسی قانونی مشکل سے بچ سکیں۔
چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ بغیر نمبر پلیٹ گاڑی چلانے پر کار کا 3 ہزار روپے جبکہ موٹرسائیکل کا ایک ہزار روپے جرمانہ کیا جاتا ہے۔ جعلی یا بوگس نمبر پلیٹ استعمال کرنے والوں کے خلاف صرف جرمانہ نہیں بلکہ دھوکہ دہی کی دفعات کے تحت مقدمات بھی درج کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے شہریوں کو یہ مشورہ بھی دیا کہ اگر گاڑی کی ملکیت منتقل ہو چکی ہے تو پرانے رجسٹریشن نمبر کے بجائے نیا یونیورسل رجسٹریشن نمبر استعمال کریں۔ اس سے قانونی پیچیدگیوں اور جرمانوں سے بچنے میں آسانی ہوگی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












