پاکستان کے پانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، مصدق ملک کا بھارت کو سخت پیغام

وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی مصدق ملک نے بھارت کو سخت الفاظ میں خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اپنے حصے کے پانی کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
اسلام آباد میں وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان واضح کر چکا ہے کہ وہ اپنے آبی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر مضبوط مؤقف اختیار کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ جو بھی پاکستان کے پانی پر ہاتھ ڈالے گا، اس کا ہاتھ کاٹ دیں گے۔ ان کے مطابق پاکستان اپنے حصے کے پانی کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کیا یہ اصول بن گیا ہے کہ اوپر بیٹھے ہوئے ممالک نیچے کے ممالک کے پانی کو روکیں یا ان پر کنٹرول کریں؟
انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے حقوق کے لیے کھڑا ہونا اپنی روایت سمجھتا ہے۔
مصدق ملک نے الزام عائد کیا کہ بھارت سندھ طاس معاہدے کی روح کے خلاف اقدامات کر رہا ہے اور ان کے مطابق بھارتی قیادت پاکستان کے خلاف آبی دباؤ کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
اس موقع پر وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ پانی پاکستان کی بقا کا مسئلہ ہے اور حکومت اس معاملے پر کسی قسم کی غفلت نہیں برتے گی۔
عطا اللہ تارڑ کے مطابق وزیراعظم اور عسکری قیادت بارہا اس بات پر زور دے چکے ہیں کہ آبی سلامتی قومی سلامتی کا حصہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایک بین الاقوامی آبی کانفرنس کی میزبانی کر رہا ہے جس میں دنیا بھر سے ماہرین شرکت کریں گے، اور اس میں سندھ طاس معاہدے سمیت آبی وسائل کے معاملات پر تفصیلی گفتگو کی جائے گی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









