پیر، 29-جون،2026
پیر 1448/01/14هـ (29-06-2026م)

ملک کے مختلف شہروں میں 3 جولائی تک پری مون سون بارشوں کی پیشگوئی

29 جون, 2026 11:37

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف علاقوں میں 3 جولائی تک پری مون سون بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

این ڈی ایم اے نے اپنے الرٹ میں کہا ہے کہ 27 جون سے 3 جولائی کے دوران بارشوں کا سلسلہ مختلف علاقوں کو متاثر کر سکتا ہے۔ اس دوران خاص طور پر گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں گلیشیئر پگھلنے کی رفتار بڑھنے کا امکان ہے۔ اس کے نتیجے میں دریاؤں، ندی نالوں اور گلیشیائی جھیلوں میں پانی کی سطح اچانک بلند ہو سکتی ہے۔

ادارے نے ہنزہ، نگر، غذر، اسکردو، شگر، گانچھے، کھرمنگ، استور اور دیامر کے رہائشیوں کو زیادہ محتاط رہنے کی ہدایت دی ہے۔ اسی طرح اپر چترال، لوئر چترال، سوات اور قریبی علاقوں کے لوگوں کو بھی موسم کی صورتحال پر نظر رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے نے سیاحوں، مسافروں اور مقامی آبادی سے کہا ہے کہ وہ گلیشیئرز سے نکلنے والے ندی نالوں، دریاؤں اور دریا کے کناروں کے قریب جانے سے گریز کریں۔ پہاڑی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے بھی احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے محفوظ رہا جا سکے۔

حکام کے مطابق اگر کسی مقام پر ندی نالوں میں پانی کی سطح اچانک بڑھ جائے، پانی کا رنگ غیر معمولی نظر آئے یا گلیشیئر سے غیر معمولی آوازیں سنائی دیں تو فوری طور پر مقامی انتظامیہ یا متعلقہ اداروں کو اطلاع دی جائے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو بھی ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے بھی یکم جولائی سے ملک میں مون سون بارشوں کے آغاز کی پیشگوئی کی ہے۔ شمال مشرقی پنجاب، کشمیر اور ملک کے شمالی علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے۔ شہری موسم کی تازہ صورتحال سے باخبر رہیں اور غیر ضروری طور پر خطرناک مقامات کا رخ کرنے سے گریز کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔