پنجاب کے "اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام میں بڑی پیش رفت، ایک لاکھ 66 ہزار بلاسود قرضے جاری

Great news for those who applied for the Apni Chhat, Apni Ghar program
پنجاب حکومت کا "اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے امید کی نئی کرن بن گیا ہے۔
محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق اس منصوبے کے تحت اب تک ایک لاکھ 66 ہزار سے زائد بلاسود قرضے جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ گھروں کی تعمیر کے لیے 215 ارب 76 کروڑ روپے سے زیادہ کی مالی معاونت فراہم کی گئی ہے۔ اس منصوبے کا مقصد زیادہ سے زیادہ خاندانوں کو اپنی ذاتی رہائش فراہم کرنا اور انہیں کرائے کے بوجھ سے نجات دلانا ہے۔
محکمہ ہاؤسنگ کے ترجمان نے بتایا کہ پروگرام کے آغاز سے اب تک ایک لاکھ 5 ہزار 594 گھر مکمل ہو چکے ہیں۔ ان گھروں میں ہزاروں خاندان منتقل بھی ہو چکے ہیں اور وہ اپنی مستقل رہائش کا خواب پورا کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ 28 ہزار 453 گھروں پر تعمیراتی کام جاری ہے، جبکہ مزید 32 ہزار 48 گھروں کی تعمیر کا آغاز جلد کیا جائے گا۔
اعداد و شمار کے مطابق اس منصوبے میں قرضوں کی واپسی کا عمل بھی باقاعدگی سے جاری ہے۔ اب تک مستفید افراد کی جانب سے 14 ارب 50 کروڑ روپے سے زائد رقم واپس جمع کروائی جا چکی ہے۔ دوسری جانب پروگرام میں عوام کی بھرپور دلچسپی بھی سامنے آئی ہے، کیونکہ اب تک مجموعی طور پر 12 لاکھ 11 ہزار 954 درخواستیں محکمہ ہاؤسنگ کو موصول ہو چکی ہیں۔
ترجمان کے مطابق حکومت کم آمدنی والے افراد کو بلاسود ہاؤسنگ فنانس فراہم کرنے کے اپنے عزم پر قائم ہے۔ پروگرام سے اب تک 91 ہزار 434 مرد، 14 ہزار 7 خواتین اور 23 ٹرانس جینڈر افراد فائدہ اٹھا چکے ہیں، جنہوں نے اپنے ذاتی گھروں کی تعمیر مکمل کی یا اس عمل میں شامل ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق دیہی پنجاب میں 60 ہزار 139 گھروں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے، جبکہ شہری علاقوں میں 45 ہزار 325 گھر تیار کیے جا چکے ہیں۔ اس پیش رفت سے ہزاروں خاندانوں کو محفوظ، مستقل اور باعزت رہائش میسر آئی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









