پنجاب حکومت کا 5 ہزار الیکٹرک بسیں چلانے اور طلبہ کو آسان اقساط پر ای بائیکس دینے کا اعلان

وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے بھر میں گرین ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے منصوبے کی منظوری دے دی، جس کے تحت 5 سالوں میں 5 ہزار الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی، طلبہ و طالبات کو آسان اقساط پر ایک لاکھ ای بائیکس دی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ ڈیپارٹمنٹ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں گرین ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے الیکٹرک بسیں، ای ٹیکسیاں، ای بائیکس اور ای تھری وہیلرز ایک ساتھ متعارف کرائے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بتایا کہ اگلے 5 سالوں میں 5 ہزار الیکٹرک بسیں پنجاب کے عوام کی خدمت پر مامور ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب اب صرف بسیں چلا نہیں رہا بلکہ مینوفیکچرنگ انڈسٹری کے قیام کی بدولت اب بسیں خود بنا رہا ہے اور اسمبلنگ پلانٹ نے پنجاب میں کام شروع کر دیا ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نوجوان طلبہ کے لیے آسان ترین اقساط پر ایک لاکھ ای بائیکس متعارف کرائی جائیں گی، جس پر پنجاب حکومت ہر ای بائیک پر 70 ہزار روپے کی بڑی سبسڈی دے گی۔
طلبہ کو صرف 14 ہزار روپے ڈاؤن پیمنٹ کرنی ہو گی اور ماہانہ قسط صرف 21 سو روپے سود سے پاک ہو گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کی ڈاؤن پیمنٹ اور رجسٹریشن فیس وہ خود ادا کریں گی اور طالبات کو بھی صرف 21 سو روپے کی قسط دینا ہو گی۔
پنجاب کے سرکاری ملازمین بھی آسان اقساط پر ای بائیکس حاصل کر سکیں گے۔ پہلے فیز میں گوجرانوالہ، گجرات، راولپنڈی، ملتان، ساہیوال، بہاولپور، ڈی جی خان، فیصل آباد اور سرگودھا ڈویژنز کی 91 تحصیلوں میں 1500 الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی، جس کا پی سی ون منظور ہو چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : وزیر اعلیٰ پنجاب کے 3 بڑے اسپتالوں کے افتتاح کی منظوری دے دی
پنجاب کے اضلاع میں پہلے سے فعال 400 بسیں جلد الیکٹرک کی جائیں گی، جبکہ مزید 212 بسوں میں سے 100 بسیں 10 جولائی کو افتتاح کے لیے تیار ہیں اور 61 بسیں فوری طور پر جھنگ، کبیر والا، بھکر، اٹک، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، چنیوٹ، لیہ، اوکاڑہ اور سیالکوٹ میں فنکشنل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ 189 نئی الیکٹرک بسیں سوفٹ لانچنگ کے لیے تیار ہیں، جن کا افتتاح مریم نواز آن لائن کریں گی، جبکہ مزید 112 بسیں مختلف شہروں میں پہنچ چکی ہیں، جو 25 جولائی سے چلیں گی اور 488 بسیں 20 جولائی کو چینی بندرگاہ سے پنجاب کے لیے روانہ ہوں گی۔
وزیراعلیٰ نے کوٹ ادو، تلہ گنگ، تونسہ، وہاڑی اور لودھراں میں بھی بسیں فوری بھیجنے اور ننکانہ میں تعداد بڑھانے کا حکم دیا ہے۔
اجلاس میں گوجرانوالہ اور فیصل آباد کے ماس ٹرانزٹ سسٹمز پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ گوجرانوالہ کے 19.5 کلومیٹر طویل روٹ پر اسٹیشنز کی تعداد بڑھا کر 25 کر دی گئی ہے اور وہاں گکھڑ منڈی، ایمن آباد انڈر پاسز پر کام 3 شفٹوں میں تیزی سے جاری ہے۔
فیصل آباد ماس ٹرانزٹ کا 20.3 کلومیٹر طویل روٹ 21 بس اسٹیشنز پر مشتمل ہو گا اور فیصل ٹاؤن اور ایئرپورٹ چوک پر بس ڈیپو قائم ہوں گے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ 582 افراد نے ای ٹیکسیز کے لیے رقم جمع کرائی جن میں سے 206 کو ٹیکسیاں فراہم کر دی گئی ہیں، جبکہ لاہور میں 18 کلومیٹر طویل روٹ پر جولائی 2026 تک 4 سپر آٹونومس ریپڈ روڈ ٹرانزٹ (ایس آر ٹی) مکمل کر لیے جائیں گے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










