بدھ، 1-جولائی،2026
بدھ 1448/01/16هـ (01-07-2026م)

پنجاب میں پیدائش کے اندراج کی فیس ختم کرنے کی تیاری

01 جولائی, 2026 10:13

لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں بچوں کی پیدائش کے اندراج کی فیس مستقل طور پر ختم کرنے کی تیاری مکمل کر لی ہے، جس سے شہریوں خصوصاً غریب اور متوسط طبقے کو بڑی سہولت ملنے کا امکان ہے۔

سرکاری حکام کے مطابق اس اقدام کا بنیادی مقصد ہر بچے کو پیدائش کے فوراً بعد قانونی شناخت فراہم کرنا اور شہریوں کے لیے سول رجسٹریشن کے عمل کو مزید آسان بنانا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ فیس ختم ہونے سے والدین پر مالی بوجھ کم ہوگا جبکہ بچوں کی پیدائش کے درست، مکمل اور بروقت ریکارڈ کی تیاری میں بھی بہتری آئے گی۔

ذرائع کے مطابق پنجاب لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے پیدائش کے اندراج کی فیس کے مستقل خاتمے سے متعلق اہم سمری صوبائی کابینہ کو منظوری کے لیے ارسال کر دی ہے۔ اس سمری میں سفارش کی گئی ہے کہ صوبے بھر میں بچوں کی پیدائش کے اندراج پر عائد فیس کو مکمل طور پر ختم کیا جائے۔

حکام کے مطابق اس فیصلے سے ان خاندانوں کو خاص طور پر فائدہ ہوگا جو مالی مشکلات کے باعث بروقت اپنے بچوں کی پیدائش کا اندراج نہیں کرا پاتے تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال پنجاب کابینہ نے عوامی سہولت کے پیش نظر پیدائش کے اندراج کی فیس میں ایک سال کے لیے عارضی چھوٹ دی تھی، تاہم اب حکومت اسے مستقل پالیسی کا حصہ بنانے جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق سمری چیف سیکرٹری پنجاب کے دفتر سے منظوری کے مراحل مکمل کر چکی ہے اور حتمی فیصلے کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو ارسال کر دی گئی ہے۔ صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔

حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ اس فیصلے کے بعد صوبے میں بچوں کی پیدائش کے اندراج کی شرح میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔