یاسمین راشد کے انتقال کی خبریں جھوٹی، پی ٹی آئی کی سخت تردید

ڈاکٹر یاسمین راشد کے انتقال کی افواہیں بے بنیاد، وکیل رانا مدثر عمر نے حقیقت واضح کر دی
لاہور: پاکستان تحریک انصاف نے 9 مئی کیسز میں سزا یافتہ اور کوٹ لکھپت جیل میں قید پارٹی کی سینئر رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کے انتقال سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کی سختی سے تردید کی ہے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے جاری وضاحتی اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ ڈاکٹر یاسمین راشد حیات ہیں اور ان کی وفات سے متعلق تمام دعوے جھوٹے اور بے بنیاد ہیں۔
پارٹی کے مرکزی ترجمان شیخ وقاص اکرم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں کہا کہ اللہ کا شکر ہے ڈاکٹر یاسمین راشد زندہ ہیں اور اس وقت کوٹ لکھپت جیل میں موجود ہیں۔ ان کے مطابق ڈاکٹر یاسمین راشد کو عمران خان کے ساتھ کھڑے ہونے پر قید اور سزاؤں کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کے حوالے سے پھیلائی جانے والی تمام خبریں غلط ہیں اور ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ پی ٹی آئی رہنما نے کارکنوں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ ایسی افواہوں پر یقین نہ کریں اور غیر مصدقہ معلومات کو آگے نہ پھیلائیں۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد اپنی صحت کے مسائل کے باوجود حوصلے کے ساتھ جیل میں موجود ہیں۔ اسی طرح اعجاز چوہدری کی طبیعت کے حوالے سے بھی جیل حکام کو آگاہ کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ سوشل میڈیا پر یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کی طبیعت خراب ہونے کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں دوران علاج ان کے انتقال کی خبریں سامنے آئیں، تاہم متعلقہ حکام اور پارٹی کی جانب سے ان خبروں کی واضح طور پر تردید کر دی گئی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










