سانحہ کاہنہ، چھت پر مٹی ڈالنا 14 بچوں کی موت کا سبب بنا، رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش

لاہور کے علاقے کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے 14 معصوم بچوں کے جاں بحق ہونے کے سانحے کی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش کر دی گئی۔
پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علاقے کاہنہ میں قائم ایک ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کے دلخراش واقعے کی مکمل تحقیقاتی رپورٹ وزیراعلیٰ مریم نواز کو بھجوا دی گئی ہے۔
تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق، حادثے کی بنیادی وجہ چھت پر گنجائش سے زیادہ مٹی اور ملبہ ڈالنا تھا، جس کے باعث یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔
رپورٹ میں ماہرین کی رائے شامل کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ ٹی آر گارڈر سے بنی اس کمزور چھت پر بچوں کی موجودگی کے دوران ہی مٹی ڈلوائی جا رہی تھی، جو کہ سراسر ایک شدید غیر ذمہ داری تھی۔ چھت کا کمزور ڈھانچہ اس اضافی بوجھ کو برداشت نہ کر سکا اور نیچے آ گرا۔
یہ بھی پڑھیں : پنجاب حکومت کا سانحہ کاہنہ میں جاں بحق بچوں کے لواحقین کو 20 لاکھ فی کس دینے کا اعلان
رپورٹ کے مطابق، یہ خاتون ٹیچر مجموعی طور پر 34 بچوں کو پڑھاتی تھیں، تاہم حادثے کے وقت کمرے میں 20 بچے موجود تھے، جن میں سے 14 معصوم بچے جاں بحق اور 6 شدید زخمی ہوئے۔
طبی معائنے کے مطابق، بچوں کی اموات سر کی ہڈیوں پر زیادہ چوٹیں آنے کے باعث ہوئیں۔ رپورٹ میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ اس معاملے میں کسی بھی متعلقہ سرکاری ادارے کے کسی اہلکار کی غفلت سامنے نہیں آئی۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے مکان کے مالک اور اس کے بھائی سمیت 5 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
دوسری جانب، وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس سانحے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے سخت ہدایت جاری کی ہے کہ اب لاہور سمیت صوبے بھر کے تمام ٹیوشن سینٹرز کو حفاظتی قوانین اور ایس او پیز مکمل کرنا ہوں گے تاکہ مستقبل میں ایسا کوئی حادثہ دوبارہ نہ ہو۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










