ہفتہ، 4-جولائی،2026
ہفتہ 1448/01/19هـ (04-07-2026م)

پنجاب میں ٹریفک قوانین پر مزید سختی؛ لاکھوں چالان اور اربوں روپے جرمانہ وصول

04 جولائی, 2026 11:08

پنجاب میں ٹریفک قوانین پر عملدرآمد مزید سخت کر دیا گیا ہے۔

 پنجاب پولیس اور ٹریفک پولیس نے صوبے بھر میں نگرانی اور کارروائیوں کا دائرہ بڑھا دیا ہے۔ اس کا مقصد سڑکوں پر نظم و ضبط بہتر بنانا، حادثات میں کمی لانا اور شہریوں کو محفوظ سفر کی سہولت فراہم کرنا ہے۔

پنجاب پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ رواں سال صوبے بھر میں 43 لاکھ 30 ہزار سے زائد شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔ لائسنس کے اجرا کے عمل کو مزید منظم اور شفاف بنانے کے لیے جدید نظام سے بھی مدد لی جا رہی ہے تاکہ اہل افراد کو بروقت سہولت فراہم کی جا سکے۔

اسی دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کی گئیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 49 لاکھ 39 ہزار سے زائد چالان جاری کیے گئے۔ ان کارروائیوں کے نتیجے میں جرمانوں کی مد میں 9 ارب 75 کروڑ روپے سے زائد رقم وصول کی گئی۔

ترجمان کے مطابق دھواں چھوڑنے والی 44 ہزار 151 گاڑیوں کے چالان کیے گئے۔ اس کے علاوہ 6 ہزار 785 گاڑیوں کو مختلف تھانوں میں بند کیا گیا، جبکہ 28 گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹس ضبط کر لیے گئے۔ یہ اقدامات فضائی آلودگی کم کرنے اور غیر معیاری گاڑیوں کے استعمال کی حوصلہ شکنی کے لیے کیے جا رہے ہیں۔

آئی جی پنجاب عثمان انور نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی ہے کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد مزید مؤثر بنایا جائے۔ ترمیم شدہ قوانین، جدید اصلاحات اور نئے نظام پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ صوبے بھر میں یکساں طریقہ کار اختیار کیا جا سکے۔

انہوں نے اوور لوڈنگ، اوور اسپیڈنگ، کم عمر ڈرائیورز اور دیگر خلاف ورزیوں کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری رکھنے کی بھی ہدایت کی۔ ساتھ ہی ٹریفک چالانوں کے نادہندگان سے مؤثر ریکوری کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا تاکہ قانون کی عملداری مزید مضبوط ہو۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔