وزیرِاعظم شہباز شریف کی ترک کاروباری وفد سے ملاقات، اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری میں اضافے پر زور

وزیرِاعظم شہباز شریف سے ترکیہ کے کاروباری وفود نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری کے مواقع اور تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیرِاعظم نے ترک کاروباری اداروں کے سربراہان سے ملاقاتوں کے دوران پاکستان اور ترکیہ کے برادرانہ تعلقات کو محض سفارتی سطح سے آگے بڑھا کر ایک مضبوط اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے ملک میں جاری معاشی اصلاحات اور بہتر ہوتے معاشی اشاریوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاروں کے لیے سازگار اور دوستانہ ماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایس آئی ایف سی (Special Investment Facilitation Council) سرمایہ کاروں کے لیے آسان کاروباری ماحول یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، جس سے غیر ملکی سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔
وزیرِاعظم نے ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان کے مختلف ترجیحی شعبوں میں سرمایہ کاری کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ توانائی، لاجسٹکس، بندرگاہوں اور انفراسٹرکچر جیسے شعبے مشترکہ تعاون کے لیے وسیع امکانات رکھتے ہیں۔
انہوں نے ترک کمپنی البیرگ گروپ کی پاکستان میں دیرینہ سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے اسے ملک میں سرمایہ کاری بڑھانے کی دعوت بھی دی، خاص طور پر بندرگاہوں اور لاجسٹکس کے شعبے میں۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے پاکستان اور ترکیہ کے نجی شعبوں کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایک ادارہ جاتی میکانزم قائم کرنے کی تجویز دی، تاکہ کاروباری تعاون کو مستقل بنیادوں پر فروغ دیا جا سکے۔
انہوں نے ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کے لیے خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ حکومت ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔
ترک کاروباری وفد نے پاکستان کی معاشی اصلاحات اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں کو سراہتے ہوئے ملک میں مزید سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ وفد کے ارکان نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اقتصادی تعاون دونوں ممالک کے عوام کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










