پاکستان کو دہشتگرد حملوں کیخلاف اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے، امریکی محکمہ خارجہ کا انتہائی اہم بیان

امریکی محکمہ خارجہ نے ایک اہم بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کو دہشتگرد حملوں کے خلاف اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے اور امریکا دہشتگردی کے خلاف اس کے اقدامات کی حمایت کرتا ہے۔
بین الاقوامی خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بھاری جانی و مالی نقصان اٹھایا ہے اور اس کی عوام نے اس جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔
امریکی بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو اپنی سرزمین اور عوام کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرنے کا حق حاصل ہے۔
بیان کے مطابق دہشتگردی کے خطرات کے پیش نظر پاکستان کی سیکیورٹی صورتحال کو سنجیدگی سے دیکھا جاتا ہے۔
یہ بھی واضح کیا گیا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے دہشتگردی کے خلاف مربوط کوششیں ناگزیر ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ نے اس بات کو تسلیم کیا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں طویل عرصے سے اہم کردار ادا کیا ہے اور اس دوران اس کی سیکیورٹی فورسز اور شہریوں نے بڑی قربانیاں دی ہیں۔
اس سے قبل بھی امریکی عسکری و سفارتی حکام پاکستان کو دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ایک اہم شراکت دار قرار دیتے رہے ہیں۔
سیکیورٹی ماہرین کے مطابق پاکستان کی جانب سے حالیہ انسداد دہشتگردی کارروائیاں خطے میں بڑھتے ہوئے خطرات کے تناظر میں کی جا رہی ہیں۔ ان کارروائیوں کا مقصد مبینہ طور پر سرحد پار سے سرگرم دہشتگرد نیٹ ورکس کا خاتمہ بتایا جاتا ہے۔
عالمی امور کے تجزیہ کاروں کے مطابق خطے میں دیرپا امن کے لیے ریاستوں کے درمیان تعاون اور دہشتگردی کے خلاف مشترکہ حکمت عملی ناگزیر ہے۔
پاکستانی حکام کے مطابق ملک میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات کے بعد سیکیورٹی ادارے مسلسل کارروائیاں کر رہے ہیں تاکہ شدت پسند عناصر اور ان کے سہولت کاروں کا خاتمہ کیا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان اپنی قومی سلامتی اور شہریوں کے تحفظ کے لیے ہر ضروری اقدام جاری رکھے گا، اور دہشتگردی کے خلاف اس کا عزم غیر متزلزل ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











