پیر، 6-جولائی،2026
پیر 1448/01/21هـ (06-07-2026م)

پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما فوزیہ حبیب انتقال کر گئیں

06 جولائی, 2026 10:31

پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما اور سابق رکنِ قومی اسمبلی فوزیہ حبیب انتقال کر گئی ہیں۔

سابق رکنِ قومی اسمبلی فوزیہ حبیب طویل عرصے تک سیاسی اور عوامی سرگرمیوں سے وابستہ رہیں اور پارٹی کے لیے مختلف ذمہ داریاں انجام دیتی رہیں۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے فوزیہ حبیب کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی پوری سیاسی زندگی عوامی خدمت، جمہوری اقدار کے فروغ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے نظریات کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ مرحومہ ایک باصلاحیت، محنتی اور مخلص سیاسی کارکن تھیں، جنہوں نے ہر ذمہ داری دیانت داری اور لگن کے ساتھ نبھائی۔

صدر آصف علی زرداری نے اپنے تعزیتی پیغام میں اس بات کا بھی ذکر کیا کہ فوزیہ حبیب نے ان کے پہلے دورِ صدارت، جو 2008 سے 2013 تک جاری رہا، ایوانِ صدر میں بھی خدمات انجام دیں۔ مرحومہ نے اس دوران انتہائی ذمہ داری، پیشہ ورانہ مہارت اور دیانت داری کا مظاہرہ کیا، جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

صدرِ مملکت نے مرحومہ کے اہلِ خانہ، عزیز و اقارب، پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ فوزیہ حبیب کی مغفرت فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور لواحقین کو یہ صدمہ صبر و حوصلے کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق دے۔

دوسری جانب چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بھی فوزیہ حبیب کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مرحومہ ایک فعال سیاسی شخصیت تھیں، جنہوں نے ملک اور عوام کی خدمت کے لیے اہم کردار ادا کیا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔