کراچی: دو بڑے تعلیمی منصوبوں میں کروڑوں روپے کی بے ضابطگیوں کا انکشاف

کراچی: مراد میمن گوٹھ میں جاری دو بڑے تعلیمی ترقیاتی منصوبوں میں کروڑوں روپے کی مالی بے ضابطگیوں اور قواعد کے خلاف ادائیگیوں کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد سیکریٹری کالجز سندھ ندیم الرحمان میمن نے فوری کارروائی کا حکم دے دیا۔
محکمہ کالجز سندھ کے اجلاس میں سامنے آنے والی تفصیلات کے مطابق ذمہ دار افسران اور متعلقہ ٹھیکیدار کمپنیوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے، جبکہ شوکاز نوٹسز، ریکارڈ کی مکمل جانچ، دونوں ٹھیکیدار کمپنیوں کو بلیک لسٹ کرنے اور ان کی سیکیورٹی رقم ضبط کرنے کے احکامات بھی دے دیے گئے ہیں۔
اجلاس میں انکشاف کیا گیا کہ سابق ایگزیکٹو انجینئر نے قواعد و ضوابط کے برعکس ٹھیکیداروں کو ایڈوانس ادائیگیاں کیں، جس سے عوامی فنڈز کے استعمال پر سنگین سوالات اٹھ گئے ہیں۔
گورنمنٹ گرلز کالج منصوبے میں مالی اور فنی بے ضابطگیاں
بریفنگ کے مطابق گورنمنٹ گرلز کالج مراد میمن منصوبے کی مجموعی لاگت 9 کروڑ 55 لاکھ 83 ہزار روپے مقرر کی گئی تھی، جس میں سے 8 کروڑ 84 لاکھ 21 ہزار روپے خرچ کیے جا چکے ہیں، تاہم منصوبے کا صرف 60 فیصد کام مکمل ہوا ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ منصوبے میں اب تک 5 کروڑ 75 لاکھ 5 ہزار روپے مالیت کا کام کیا گیا، جبکہ 3 کروڑ 9 لاکھ 16 ہزار روپے مالیت کا کام تاحال باقی ہے۔ اس فرق نے ادائیگیوں اور عملی پیش رفت کے درمیان عدم توازن کو نمایاں کر دیا ہے۔
لائبریری آڈیٹوریم منصوبے میں بھی سنگین سوالات
اسی طرح شہید غلام مرتضیٰ حسین بلوچ لائبریری آڈیٹوریم منصوبے کی مجموعی لاگت 11 کروڑ 11 لاکھ 66 ہزار روپے بتائی گئی، جس میں سے 6 کروڑ 98 لاکھ 25 ہزار روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔
اجلاس میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ اس منصوبے کے ٹھیکیدار کو 3 کروڑ 96 لاکھ 12 ہزار روپے بطور سیکیورٹی ایڈوانس ادا کیے گئے، جس پر حکام نے شدید تحفظات کا اظہار کیا۔
ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا حکم
سیکریٹری کالجز سندھ ندیم الرحمان میمن نے واضح کیا کہ عوامی فنڈز میں بے ضابطگی، منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر اور قواعد کے خلاف مالی معاملات کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔
انہوں نے متعلقہ افسران اور دونوں ٹھیکیدار کمپنیوں کے خلاف فوری کارروائی، شوکاز نوٹس جاری کرنے، مکمل ریکارڈ کی جانچ، بلیک لسٹنگ اور سیکیورٹی رقم ضبط کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









