وزیر اعلیٰ پنجاب کا اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کا دائرہ کار مزید وسیع کرنے کا فیصلہ

Big Update for Home Applicants
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں محفوظ رہائش کے فروغ اور خستہ حال گھروں کی بحالی کے لیے "اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کا دائرہ کار مزید بڑھانے کا فیصلہ کرتے ہوئے "اپنا گھر، محفوظ گھر” کے نام سے نئی اسکیم متعارف کروانے کی منظوری دے دی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت "اپنی چھت، اپنا گھر” اور "اپنی زمین، اپنا گھر” پروگراموں سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں باکو میں قائم "پنجاب پاکستان پویلین” کی کامیابی پر مبنی خصوصی دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی، جبکہ رہائشی منصوبوں کی موجودہ صورتحال اور آئندہ اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ نئے "اپنا گھر، محفوظ گھر” پروگرام کے تحت دو نئی کیٹیگریز شامل کی جا رہی ہیں۔ پہلی کیٹیگری کے تحت ایسے مکانات جن کی چھتیں کمزور، بوسیدہ یا خستہ حال ہیں، ان کی مرمت اور بحالی کے لیے مالکان کو 5 لاکھ روپے فراہم کیے جائیں گے۔ دوسری کیٹیگری میں شہریوں کو اپنے گھر پر نئی منزل یا اضافی فلور تعمیر کرنے کے لیے 10 لاکھ روپے تک کا بلاسود قرض آسان اقساط پر دیا جائے گا۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ "اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کے تحت اب تک ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد بے گھر خاندانوں کے لیے بلاسود قرضوں کی منظوری دی جا چکی ہے، جبکہ ایک لاکھ 70 ہزار خاندانوں کو قرض جاری بھی کیا جا چکا ہے۔ اس منصوبے کے لیے مجموعی طور پر 217 ارب 80 کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں۔
حکام نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ وزیراعلیٰ کے اس فلیگ شپ منصوبے کے تحت پنجاب بھر میں ایک لاکھ 34 ہزار 343 گھروں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے، جبکہ 27 ہزار 500 سے زائد مکانات تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔
مزید بتایا گیا کہ 12 لاکھ 78 ہزار سے زائد بے گھر خاندان اس پروگرام کے تحت گھر حاصل کرنے کے لیے درخواستیں جمع کروا چکے ہیں، جو اس منصوبے میں عوام کی غیر معمولی دلچسپی کا مظہر ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ نئی متعارف کروائی جانے والی دوسری کیٹیگری کو تین روز کے اندر عوام کے لیے فعال کیا جائے تاکہ مستحق شہری فوری طور پر اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو گھر بنانے کے لیے قرض حاصل کرنے کے طریقہ کار کو مزید آسان بنانے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں "اپنی زمین، اپنا گھر” پروگرام پر بھی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس منصوبے کے تحت 23 اضلاع میں 2 ہزار مفت پلاٹ بے گھر خاندانوں کو فراہم کیے جا چکے ہیں، جبکہ ان علاقوں میں ترقیاتی کاموں اور بنیادی سہولیات کی فراہمی پر بھی کام جاری ہے۔ جن خاندانوں کو حکومت کی جانب سے مفت پلاٹ دیے گئے ہیں، انہیں اب اپنے گھر کی تعمیر کے لیے بلاسود قرض بھی فراہم کیا جائے گا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ جن شہریوں کے مکانات خستہ حال ہیں یا جن کی چھتیں کمزور ہو چکی ہیں، پنجاب حکومت انہیں محفوظ اور بہتر بنانے میں بھرپور معاونت کرے گی۔ حکومت کی ترجیح صرف نئے گھر بنانا نہیں بلکہ موجودہ گھروں کو بھی محفوظ بنانا ہے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ "اپنی چھت، اپنا گھر” اور اس سے منسلک تمام رہائشی منصوبے پنجاب حکومت کے فلیگ شپ پروگرام ہیں، اس لیے ان میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ غریب اور مستحق افراد پر کسی قسم کا اضافی مالی بوجھ نہ ڈالا جائے اور قرض کے حصول کی شرائط میں ایسی کوئی تبدیلی نہ کی جائے جس سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








