بدھ، 8-جولائی،2026
بدھ 1448/01/23هـ (08-07-2026م)

پاک بحریہ اور فضائیہ کا لاپتہ کارگو طیارے کی تلاش کیلئے آپریشن تیز، کمپنی کا دفتر سیل

08 جولائی, 2026 14:39

شارجہ سے کراچی آنے والے نجی کارگو کمپنی کے ٹو ایئرویز کے لاپتہ طیارے کی تلاش کے لیے پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کا بحری و فضائی ریسکیو آپریشن تیز کر دیا گیا۔

شارجہ سے کراچی آنے والے نجی کارگو کمپنی کے ٹو ایئرویز کے لاپتہ ہونے والے بوئنگ 737 طیارے کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر مشترکہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

کمپنی کے اعلامیے کے مطابق رجسٹریشن نمبر اے پی بی او آئی والے اس کارگو طیارے کا گزشتہ رات 9:21 بجے ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ اچانک منقطع ہو گیا تھا۔

طیارے میں عملے کے 5 ارکان سوار تھے، جن میں کپتان محمد رضوان ادریس، فرسٹ آفیسر فیصل محمود، لوڈ ماسٹر محمد توفیق خان، اور ایئر کرافت انجینئرز عارف صدیقی اور محمد حامد شامل ہیں۔

پاک بحریہ کے 2 بحری جنگی جہاز پی این ایس ذوالفقار اور پی این ایس حنین سمیت پاک فضائیہ کے طیارے اور تجارتی بحری جہاز اس آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : شارجہ سے کراچی آنے والا نجی کارگو طیارہ اورماڑہ کے قریب سمندر میں لاپتہ

متعلقہ اداروں کے مطابق جون اور جولائی کے مہینوں میں بپھری ہوئی سمندری لہروں اور وسیع علاقے کے باعث یہ ریسکیو آپریشن ایک بہت بڑا چیلنج بن چکا ہے، تاہم امدادی ٹیمیں بلا تعطل تلاش میں مصروف ہیں۔

دوسری جانب، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے بیورو آف سیفٹی انویسٹیگیشن کی 11 رکنی اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی ٹیم نجی ایئر لائن کے ذریعے کراچی پہنچ گئی ہے۔

یہ ٹیم سرچ آپریشن میں مصروف اداروں سے ابتدائی معلومات حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ممکنہ حادثے کے شواہد جمع کرے گی۔

تحقیقاتی ٹیم کے ٹو ایئرویز کے دفاتر کا بھی دورہ کرے گی، جہاں طیارے کا آپریشنل ریکارڈ، مینٹیننس لاگز، فلائٹ پلان اور عملے کی دستاویزات کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے گا۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ذرائع کے مطابق فلائٹ ریکارڈ کو محفوظ رکھنے کے لیے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر قائم کے ٹو ایئرویز کے دفاتر کو سیل کر دیا گیا ہے۔

انتظامیہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ سول ایوی ایشن اتھارٹی اور تمام سرکاری تحقیقاتی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔