سندھ کے تمام تعلیمی بورڈز میں جدید امتحانی نظام اور ای مارکنگ نافذ کرنے کا فیصلہ

سندھ حکومت نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے صوبے کے تمام تعلیمی بورڈز میں ای مارکنگ اور ڈیجیٹلائزیشن پر مبنی جدید امتحانی نظام نافذ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
سندھ حکومت نے صوبے بھر کے تعلیمی بورڈز میں امتحانی نظام کو جدید اور عالمی معیار کے مطابق بنانے کے لیے ایک بڑے منصوبے کی تیاری مکمل کر لی۔
یہ اصلاحات سندھ سیکنڈری ایجوکیشن امپروومنٹ پروجیکٹ کے تحت ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے کی جا رہی ہیں۔
منصوبے کے تحت تمام تعلیمی بورڈز میں ای مارکنگ اور مکمل ڈیجیٹلائزیشن متعارف کروائی جائے گی، جس سے امتحانی عمل اور گورننس سسٹم میں میرٹ اور شفافیت یقینی بنے گی۔
یہ بھی پڑھیں : سندھ کو 15 لاکھ ٹن گندم کی کمی کا سامنا، مراد علی شاہ کا ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کارروائی کا حکم
صوبائی وزیر جامعات اسماعیل راہو کے مطابق امتحانی نظام کی جدید کاری کی یہ اہم تجاویز جلد منظوری کے لیے سندھ کابینہ میں پیش کی جائیں گی اور کابینہ کی جانب سے گرین سگنل ملتے ہی اس منصوبے پر انتہائی تیز رفتاری سے عملدرآمد شروع کر دیا جائے گا۔
جدید نظام کو فعال بنانے کے لیے تعلیمی بورڈز کے موجودہ عملے کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ماہرین کی جانب سے خصوصی تربیت فراہم کی جائے گی۔
اس کے ساتھ ہی تمام بورڈز کو جدید اسکینرز، کٹنگ مشینیں، سرورز اور دیگر ضروری ڈیجیٹل آلات بھی فراہم کیے جائیں گے تاکہ امتحانی پرچوں کی جانچ کا عمل بغیر کسی تاخیر کے کمپیوٹرائزڈ طریقے سے مکمل ہو سکے۔
چیئرمین انٹرمیڈیٹ بورڈ کراچی فقیر محمد لاکھو کو منصوبے کا فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔ صوبائی حکومت کا ماننا ہے کہ اس جدید ترین سسٹم کے نفاذ سے تعلیمی بورڈز کی استعداد کار میں اضافہ ہوگا اور طلبہ کے نتائج میں شفافیت کے حوالے سے دیرینہ شکایات کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








