جمعہ، 10-جولائی،2026
جمعہ 1448/01/25هـ (10-07-2026م)

سستی بجلی کے بغیر صنعتی ترقی ممکن نہیں، ایس ایم تنویر

10 جولائی, 2026 17:15

لاہور: سابق صوبائی وزیر تجارت ایس ایم تنویر نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی کا دارومدار سستی بجلی پر ہے، کیونکہ کم لاگت توانائی ہی صنعتوں کو فروغ دے سکتی ہے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کر سکتی ہے۔

انہوں نے یہ بات ایکسپو سینٹر لاہور میں تین روزہ پاکستان سولر اینڈ اسٹوریج ایکسپو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

ایس ایم تنویر نے کہا، "ملک کا مستقبل سستی بجلی ہے۔ سستی بجلی سے ہی انڈسٹری چلے گی، پیداوار میں اضافہ ہوگا اور لوگوں کو روزگار ملے گا۔” انہوں نے کہا کہ توانائی کی بلند قیمتیں صنعتی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں، اس لیے بجلی کی لاگت میں کمی وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سولر توانائی سستی ترین انرجی کا ذریعہ ہے اور پاکستان کو قابلِ تجدید توانائی کی جانب تیزی سے بڑھنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ "ترقی کا راز سستی بجلی میں چھپا ہے، اور اگر صنعتوں کو کم قیمت پر بجلی فراہم کی جائے تو ملکی معیشت مضبوط اور برآمدات میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے۔”

ایس ایم تنویر نے کہا کہ حکومت، نجی شعبے اور توانائی کے ماہرین کو مل کر ایسی پالیسیوں پر کام کرنا ہوگا جو صنعتوں کو سستی اور پائیدار بجلی فراہم کر سکیں، تاکہ سرمایہ کاری میں اضافہ اور صنعتی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہو۔

تین روزہ پاکستان سولر اینڈ اسٹوریج ایکسپو میں قابلِ تجدید توانائی، سولر ٹیکنالوجی، انرجی اسٹوریج سسٹمز اور جدید توانائی حل پیش کیے جا رہے ہیں۔ نمائش میں مقامی و بین الاقوامی کمپنیوں، سرمایہ کاروں اور توانائی کے شعبے سے وابستہ ماہرین کی بڑی تعداد شریک ہے

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔