لاہور: اچھرہ ٹیوشن سینٹر میں 12 سالہ طالبہ کی پراسرار موت، پوسٹ مارٹم رپورٹ میں اہم انکشافات سامنے آگئے

لاہور: اچھرہ کے علاقے میں واقع ایک ٹیوشن سینٹر کے واش روم سے مردہ حالت میں ملنے والی 12 سالہ طالبہ نعیمہ کی موت کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
پوسٹ مارٹم مکمل ہونے کے بعد طالبہ کی لاش ورثاء کے حوالے کر دی گئی، جبکہ ابتدائی رپورٹ میں موت کی وجہ گلے میں پھندا لگنا بتائی گئی ہے۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق طالبہ کے گلے پر رسی کے پھندے کا نشان موجود تھا، تاہم جسم پر تشدد یا زبردستی کے واضح آثار سامنے نہیں آئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق حتمی رائے فرانزک اور کیمیکل ایگزامینر کی رپورٹس موصول ہونے کے بعد ہی دی جا سکے گی۔
پولیس تحقیقات میں نئی تفصیلات سامنے آگئیں
پولیس کے مطابق واش روم کا دروازہ لاک نہیں تھا۔ ابتدائی تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ طالبہ کی بہن نے سب سے پہلے واش روم کا دروازہ کھولنے کی کوشش کی، تاہم کامیابی نہ ملنے پر اس نے اپنی بڑی بہن کو بلایا، جس نے دروازہ کھولا تو نعیمہ کی لاش اندر موجود تھی۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے فنگر پرنٹس، شواہد اور دیگر مواد اکٹھا کرکے فرانزک لیبارٹری بھجوا دیا ہے تاکہ واقعے کی اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔
ٹیوشن سینٹر مالک کے بیٹوں سمیت تین افراد سے تفتیش
تحقیقات کے سلسلے میں پولیس نے ٹیوشن سینٹر کے مالک کے دو بیٹوں کو حراست میں لے لیا ہے، جبکہ مجموعی طور پر تین افراد سے پوچھ گچھ جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق مالک مکان کو بھی تحویل میں لے کر مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تمام شواہد کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور فرانزک رپورٹس کی روشنی میں ہی واقعے کی مکمل حقیقت سامنے آئے گی۔
واقعے پر اہل علاقہ میں تشویش
12 سالہ طالبہ کی پراسرار موت نے اہل علاقہ اور ورثاء کو شدید صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔
پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









