جمعہ، 10-جولائی،2026
جمعہ 1448/01/25هـ (10-07-2026م)

نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے اہم شاہراہوں اور موٹرویز پر ٹول ٹیکس میں اضافہ کر دیا

10 جولائی, 2026 14:40

نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے ملک بھر کی اہم موٹرویز، قومی شاہراہوں اور ایکسپریس ویز پر ٹول ٹیکس کی نئی شرحوں کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔

 جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق نئی فیسوں کا اطلاق فوری طور پر شروع ہو گیا ہے، جس کے بعد مختلف شاہراہوں پر سفر کرنے والے شہریوں کو پہلے کے مقابلے میں زیادہ ٹول ادا کرنا ہوگا۔

این ایچ اے کے مطابق نئی شرحیں ایم-1، ایم-3، ایم-4، ایم-5، ایم-14، ای-35 ایکسپریس وے، کوہاٹ ٹنل (این-55) اور اسلام آباد–مری ڈبل کیریج وے (ای-75) سمیت متعدد اہم راستوں پر نافذ کی گئی ہیں۔ ان تبدیلیوں کا اطلاق تمام اقسام کی گاڑیوں پر ہوگا، جن میں کاریں، ویگنیں، کوسٹر، منی بسیں، بڑی بسیں، دو اور تین ایکسل ٹرک اور آرٹی کیولیٹڈ ٹرک شامل ہیں۔

قومی شاہراہوں پر سفر کرنے والی کاروں کے لیے ٹول ٹیکس 100 روپے مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ویگن سے 200 روپے، بس سے 300 روپے، دو اور تین ایکسل ٹرک سے 400 روپے اور آرٹی کیولیٹڈ ٹرک سے 700 روپے وصول کیے جائیں گے۔ اسی طرح کوہاٹ ٹنل (این-55) پر کار کا ٹول 250 روپے، ویگن کا 650 روپے، بس اور دو یا تین ایکسل ٹرک کا 750 روپے جبکہ بڑے آرٹی کیولیٹڈ ٹرک کا ٹول 1150 روپے مقرر کیا گیا ہے۔

اسلام آباد–مری ڈبل کیریج وے (ای-75) پر کار اور ویگن کے لیے 300 روپے، بس کے لیے 450 روپے، دو اور تین ایکسل ٹرک کے لیے 500 روپے جبکہ آرٹی کیولیٹڈ ٹرک کے لیے 1000 روپے ٹول مقرر کیا گیا ہے۔

اسلام آباد–پشاور موٹروے (ایم-1) پر کار کا ٹول 700 روپے کر دیا گیا ہے۔ 12 سیٹر تک ویگن کے لیے 1100 روپے، 13 سے 24 سیٹر گاڑیوں کے لیے 1450 روپے، بڑی بس کے لیے 2100 روپے، دو اور تین ایکسل ٹرک کے لیے 2700 روپے جبکہ آرٹی کیولیٹڈ ٹرک کے لیے 3350 روپے ادا کرنا ہوں گے۔

لاہور–عبدالحکیم موٹروے (ایم-3) پر کاروں سے 1000 روپے وصول کیے جائیں گے۔ ویگن کے لیے 1500 روپے، کوسٹر اور منی بس کے لیے 2200 روپے، بس کے لیے 3150 روپے، دو اور تین ایکسل ٹرک کے لیے 4050 روپے جبکہ بڑے ٹرک کے لیے 5000 روپے ٹول مقرر کیا گیا ہے۔

پنڈی بھٹیاں–فیصل آباد–ملتان موٹروے (ایم-4) پر کاروں کا ٹول 1350 روپے کر دیا گیا ہے۔ ویگن کے لیے 1950 روپے، کوسٹر اور منی بس کے لیے 2900 روپے، بس کے لیے 4050 روپے، دو اور تین ایکسل ٹرک کے لیے 5300 روپے جبکہ آرٹی کیولیٹڈ ٹرک کے لیے 6500 روپے مقرر کیے گئے ہیں۔

ملتان–سکھر موٹروے (ایم-5) پر کاروں سے 1500 روپے وصول کیے جائیں گے۔ ویگن کے لیے 2200 روپے، کوسٹر اور منی بس کے لیے 3250 روپے، بس کے لیے 4600 روپے، دو اور تین ایکسل ٹرک کے لیے 5950 روپے جبکہ آرٹی کیولیٹڈ ٹرک کے لیے 7250 روپے ٹول مقرر کیا گیا ہے۔

ڈی آئی خان–حکلا موٹروے (ایم-14) پر کار کے لیے 800 روپے، ویگن کے لیے 1400 روپے، کوسٹر اور منی بس کے لیے 1850 روپے، بس کے لیے 2800 روپے، دو اور تین ایکسل ٹرک کے لیے 3550 روپے جبکہ آرٹی کیولیٹڈ ٹرک کے لیے 4250 روپے مقرر کیے گئے ہیں۔

حسن ابدال–ہویلیاں–مانسہرہ ایکسپریس وے (ای-35) پر بھی نئی شرحیں نافذ کر دی گئی ہیں۔ یہاں کار کا ٹول 400 روپے، ویگن کا 550 روپے، کوسٹر اور منی بس کا 750 روپے، بس کا 1150 روپے، دو اور تین ایکسل ٹرک کا 1450 روپے جبکہ آرٹی کیولیٹڈ ٹرک کا 1750 روپے مقرر کیا گیا ہے۔

این ایچ اے کے مطابق یہ نیا ٹول شیڈول ادارے کے فنانس ونگ (ریونیو ڈائریکٹوریٹ) کی جانب سے جاری کیا گیا ہے اور فوری طور پر نافذ العمل ہے۔ یہ رواں سال کے دوران ٹول ٹیکس میں کیا جانے والا تیسرا اضافہ ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔