جمعہ، 10-جولائی،2026
جمعہ 1448/01/25هـ (10-07-2026م)

وزیراعلیٰ بلوچستان کوئٹہ دھرنے میں پہنچ گئے، کامیاب مذاکرات کے بعد لواحقین نے دھرنا ختم کردیا

10 جولائی, 2026 12:51

کوئٹہ میں بی اے مال کے قریب جاری دھرنے کی کمیٹی اور شہداء کے لواحقین نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ذاتی درخواست پر دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

کوئٹہ کے بی اے مال کے قریب جاری دھرنے کو ختم کروانے کے لیے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی دھرنا کمیٹی سے ملاقات کے لیے خود پہنچے۔ ان کے ہمراہ صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ، سینیٹر منظور کاکڑ اور کمشنر شاہ زیب کاکڑ بھی موجود تھے۔

اس موقع پر دھرنا کمیٹی سے صوبائی وزیر بخت محمد کاکڑ کی سربراہی میں تفصیلی مذاکرات ہوئے، جس کے بعد لواحقین نے دھرنا ختم کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ وہ پہلے دن سے ہی اس دھرنے کی کمیٹی کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھے، کیونکہ ان کا دھرنے پر بیٹھے لوگوں اور ان کے بزرگوں سے گہرا دوستی کا تعلق ہے، جو ہمیشہ قائم رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں : کوئٹہ اور زیارت میں دہشت گردی کے خلاف لواحقین کا میتوں کے ہمراہ دھرنا جاری

انہوں نے واضح کیا کہ وہ اپنی عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور اگر حکومت سے کوئی غلطی ہوگی تو وہ اسے تسلیم کریں گے، کیونکہ ان کے دروازے عوام کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں۔

میر سرفراز بگٹی نے بتایا کہ آج وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل کی موجودگی میں اہم فیصلے ہوئے ہیں اور وہ بطور وزیراعلیٰ اور چیف آف بگٹی ان تمام فیصلوں پر عمل درآمد کرنے کے پابند ہیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت شہداء کے خاندانوں کو پورا معاوضہ دے گی، ان کے ورثاء کو سرکاری نوکریاں فراہم کی جائیں گی اور ان کے بچوں کو مفت تعلیم دی جائے گی۔

اس کے ساتھ ہی وزیراعلیٰ نے سخت لہجہ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بہادر جوانوں کو شہید کرنے کے بعد ایک منظم سازش کے تحت ریاست کا نام بدنام کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

انہوں نے دھرنے کے شرکاء کو محب وطن قرار دیتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں نے ملک اور صوبے کے خلاف جاری ایک بڑی سازش کو ناکام بنا دیا ہے اور اب ہم سب کی یہ مشترکہ ذمہ داری ہے کہ اپنی سرزمین کے خلاف ہونے والی ہر سازش کا مل کر مقابلہ کریں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔