ٹی ٹی ایس اساتذہ کی تنخواہوں میں 35 فیصد اضافے کی منظوری

Government Approves 35% Salary Raise
وفاقی حکومت نے ملک کی جامعات میں ٹینیور ٹریک سسٹم (TTS) کے تحت خدمات انجام دینے والے اساتذہ کے لیے بڑی خوشخبری کا اعلان کرتے ہوئے ان کی تنخواہوں میں 35 فیصد اضافے کی منظوری دے دی ہے۔
وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری کیے گئے آفس میمورنڈم کے مطابق نئی تنخواہوں کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا۔ اس فیصلے کا مقصد اعلیٰ تعلیم کے شعبے سے وابستہ اساتذہ کو بہتر مالی سہولیات فراہم کرنا اور تعلیمی اداروں میں معیاری تدریس کو فروغ دینا ہے۔
وزارتِ خزانہ کے مطابق وفاقی کابینہ نے وزیرِ اعظم کے سابقہ فیصلے کی توثیق کرتے ہوئے ٹی ٹی ایس پے پیکیج 2026 کی منظوری دی ہے۔ اس پیکیج کے تحت پروفیسر، ایسوسی ایٹ پروفیسر اور اسسٹنٹ پروفیسر کی تنخواہوں کے تمام موجودہ اسکیلز پر نظرِ ثانی کی گئی ہے۔ نئے اسکیلز کے مطابق بنیادی تنخواہ، سالانہ اضافہ اور زیادہ سے زیادہ تنخواہ میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔
نظرثانی شدہ پے اسکیل کے مطابق ٹی ٹی ایس پروفیسر کی کم از کم بنیادی تنخواہ 3 لاکھ 94 ہزار 875 روپے سے بڑھا کر 4 لاکھ 7 ہزار 230 روپے کر دی گئی ہے۔ اسی طرح سالانہ انکریمنٹ 20 ہزار 320 روپے مقرر کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ تنخواہ 7 لاکھ 12 ہزار 30 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
ایسوسی ایٹ پروفیسرز کے لیے بھی تنخواہوں میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔ نئی پالیسی کے تحت ان کی کم از کم بنیادی تنخواہ 3 لاکھ 70 ہزار 810 روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ تنخواہ 6 لاکھ 45 ہزار 610 روپے تک ہوگی۔ سالانہ اضافہ بھی پہلے کے مقابلے میں بڑھا دیا گیا ہے تاکہ اساتذہ کو بہتر مراعات فراہم کی جا سکیں۔
اسسٹنٹ پروفیسرز کے لیے بھی نیا پے اسکیل جاری کیا گیا ہے۔ ان کی کم از کم بنیادی تنخواہ اب 2 لاکھ 88 ہزار 20 روپے ہوگی جبکہ زیادہ سے زیادہ تنخواہ 5 لاکھ 53 ہزار 820 روپے تک پہنچ جائے گی۔ سالانہ انکریمنٹ میں بھی خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے، جس سے نوجوان اساتذہ کو پیشہ ورانہ ترقی کے ساتھ مالی فائدہ بھی حاصل ہوگا۔
وزارتِ خزانہ نے آفس میمورنڈم میں واضح کیا ہے کہ 30 جون 2026 تک ملازمت کرنے والے تمام ٹی ٹی ایس اساتذہ کو نئے اسکیل میں اسی مرحلے (اسٹیج) پر منتقل کیا جائے گا جس پر وہ موجودہ اسکیل میں موجود ہیں۔ اس طریقہ کار سے اساتذہ کی سروس کا تسلسل برقرار رہے گا اور انہیں نئے پے اسٹرکچر میں کسی قسم کی دشواری پیش نہیں آئے گی۔
حکومت نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ اس فیصلے سے پیدا ہونے والے مالی اخراجات وفاقی حکومت برداشت نہیں کرے گی۔ تمام سرکاری جامعات کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تنخواہوں میں اضافے سے متعلق مالی بوجھ اپنے دستیاب وسائل سے پورا کریں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











