ہفتہ، 11-جولائی،2026
ہفتہ 1448/01/26هـ (11-07-2026م)

لاہور میں 12 سالہ گھریلو ملازمہ مبینہ تشدد سے جاں بحق، مقدمہ درج

11 جولائی, 2026 14:33

لاہور کے علاقے نصیر آباد میں 12 سالہ گھریلو ملازمہ مبینہ تشدد کے نتیجے میں جاں بحق ہوگئی، پولیس نے واقعے کا مقدمہ قتل کی دفعات کے تحت درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والی بچی کی شناخت کنیز فاطمہ کے نام سے ہوئی ہے، جو فیصل آباد کی رہائشی تھی اور گزشتہ ایک ماہ سے نصیر آباد میں صوفی اعجاز کے گھر گھریلو ملازمہ کے طور پر کام کر رہی تھی۔

ایف آئی آر کے مطابق کنیز فاطمہ کے والد جاوید نے بتایا کہ انہیں مالک کی بہو کی جانب سے فوری طور پر لاہور پہنچنے کا کہا گیا۔ وہ اپنی اہلیہ اور بھائی زوار حسین کے ہمراہ لاہور پہنچے تو انہیں بتایا گیا کہ ان کی بیٹی گلاب دیوی اسپتال میں زیر علاج ہے۔

والد کے مطابق جب وہ اسپتال پہنچے تو ڈاکٹروں نے انہیں بتایا کہ کنیز فاطمہ مردہ حالت میں لائی گئی تھی۔ جاوید نے الزام عائد کیا کہ کوٹھی مالکان نے ان کی بیٹی کو مبینہ تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کیا۔

پولیس نے لاش کو قانونی کارروائی کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شواہد اور تحقیقات کی روشنی میں مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔