پیر، 13-جولائی،2026
پیر 1448/01/28هـ (13-07-2026م)

اسلام آباد ٹریفک پولیس نے ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والوں کیلئے موبائل فیسلی ٹیشن وینز کا شیڈول جاری کر دیا   

13 جولائی, 2026 11:32

اسلام آباد ٹریفک پولیس (آئی ٹی پی) نے شہریوں کی سہولت کے لیے موبائل فیسلی ٹیشن وینز اور پولیس اسٹیشن آن وہیلز کا 13 سے 19 جولائی تک کا نیا ہفتہ وار شیڈول جاری کر دیا ہے۔

آئی ٹی پی کے مطابق موبائل فیسلی ٹیشن یونٹس روزانہ صبح 8:30 بجے سے شام 4:30 بجے تک مختلف علاقوں میں موجود رہیں گی۔ ان وینز پر شہری لرنر ڈرائیونگ پرمٹ بنوا سکتے ہیں، ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کروا سکتے ہیں، ڈپلیکیٹ لائسنس حاصل کر سکتے ہیں، کریکٹر سرٹیفکیٹ بنوا سکتے ہیں اور گمشدہ دستاویزات کی رپورٹ سمیت دیگر پولیس سہولیات بھی حاصل کر سکتے ہیں۔

جاری کردہ شیڈول کے مطابق پیر 13 جولائی کو موبائل وینز ہاسٹل سٹی پارک روڈ، ترامڑی چوک، میڈیا ٹاؤن اور ٹریفک آفس فیض آباد میں خدمات فراہم کریں گی۔ منگل 14 جولائی کو جی نائن مرکز، نیول ہیڈ کوارٹرز ای ایٹ اور بحریہ ٹاؤن فیز ٹو میں شہری ان سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

اسی طرح بدھ 15 جولائی کو ای الیون مرکز، آئی سی سی آئی جی ایٹ، ڈی ایچ اے فیز ٹو اور ٹریفک آفس فیض آباد میں فیسلی ٹیشن وینز موجود ہوں گی۔ جمعرات 16 جولائی کو کری روڈ ایکسپریس وے، پی ڈبلیو ڈی تندوری ریسٹورنٹ، کیبنٹ بلاک پاک سیکریٹریٹ اور فارن آفس میں خدمات فراہم کی جائیں گی۔

جمعہ 17 جولائی کو جی ایٹ مرکز، جی الیون ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن، پی ڈبلیو ڈی ایکسپریس وے اور ٹریفک آفس فیض آباد میں موبائل یونٹس تعینات ہوں گی۔ جبکہ ہفتہ 18 جولائی کو رحمان انکلیو لہتراڑ روڈ، آبپارہ مارکیٹ، آئی ایٹ مرکز اور راول ٹاؤن میں شہری اپنی ضروری کارروائیاں مکمل کر سکیں گے۔

شیڈول کے آخری روز اتوار 19 جولائی کو ایف نائن پارک، ٹریفک آفس راول ٹاؤن، پولیس لائنز ایچ الیون اور اسلام آباد کلب میں موبائل فیسلی ٹیشن وینز خدمات انجام دیں گی۔ اس دوران شہری اپنی ضرورت کے مطابق مختلف سرکاری سہولیات ایک ہی جگہ پر حاصل کر سکیں گے۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی سہولت کے مطابق قریبی فیسلی ٹیشن پوائنٹ کا انتخاب کریں اور مقررہ اوقات میں وہاں جا کر مطلوبہ خدمات حاصل کریں۔ مزید رہنمائی یا معلومات کے لیے شہری آئی ٹی پی کی ہیلپ لائن 1915 پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔