پیر، 13-جولائی،2026
پیر 1448/01/28هـ (13-07-2026م)

حسن اسکوائر سے جیل روڈ تک سڑک کی تعمیر کا کام مکمل کر کے اسے ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا

13 جولائی, 2026 13:58

کراچی میں یونیورسٹی روڈ اور اس سے ملحقہ اہم شاہراہوں پر سفر کرنے والے شہریوں کے لیے خوشخبری سامنے آئی ہے۔

 طویل عرصے سے جاری سڑکوں کی تعمیر کے بعد حسن اسکوائر سے جیل روڈ اور جیل روڈ سے واپس حسن اسکوائر تک کا حصہ مکمل کر کے ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

تعمیراتی کام مکمل ہونے کے بعد مذکورہ سڑک پر ہر قسم کی ٹریفک بحال کر دی گئی ہے۔ اب گاڑیاں بغیر کسی رکاوٹ کے اس روٹ پر سفر کر سکتی ہیں، جس سے وقت کی بچت بھی ہوگی اور ٹریفک کا دباؤ بھی کم ہوگا۔ کئی ماہ سے جاری تعمیراتی سرگرمیوں کی وجہ سے شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنا پڑ رہے تھے، جس سے روزانہ شدید رش اور تاخیر کا سامنا رہتا تھا۔

اسی منصوبے کے تحت جیل روڈ سے مزارِ قائد تک سڑک بھی ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے۔ یہ روٹ کراچی کے مصروف ترین راستوں میں شمار ہوتا ہے، جہاں روزانہ بڑی تعداد میں دفاتر، تعلیمی اداروں اور کاروباری مراکز جانے والے افراد سفر کرتے ہیں۔ سڑک کی بحالی سے اس پورے علاقے میں ٹریفک کی روانی بہتر ہونے کی توقع ہے۔

اس سے قبل سفاری پارک سے نیپا تک سڑک کی تعمیر مکمل کی جا چکی ہے، جس کے مثبت اثرات بھی سامنے آ رہے ہیں۔ اب متعلقہ ادارے صفورا سے مزارِ قائد تک باقی رہ جانے والے حصے پر تیزی سے کام کر رہے ہیں تاکہ یہ منصوبہ جلد مکمل ہو سکے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔