بدھ، 15-جولائی،2026
بدھ 1448/02/01هـ (15-07-2026م)

ایف بی آر افسران ہر ماہ کراچی جا کر تاجروں کے مسائل حل کریں، وزیراعظم

15 جولائی, 2026 15:24

وزیراعظم کو اجلاس میں بتایا گیا کہ پروڈکشن مانیٹرنگ سسٹم کے نفاذ سے شوگر اور سیمنٹ سمیت دیگر صنعتوں سے اربوں روپے کا اضافی ٹیکس حاصل ہوا ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں جاری اصلاحات اور ٹیکس نظام میں بہتری کے حوالے سے ایک انتہائی اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی معیشت اب استحکام کی راہ پر گامزن ہے اور رواں سال ملکی تاریخ میں معاشی ترقی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کا سال ثابت ہوگا۔

انہوں نے کاروباری برادری کو ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ انہیں زیادہ پیداوار اور برآمدات کے فروغ کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔

وزیراعظم نے ایف بی آر کو سخت تاکید کی کہ وہ تاجر برادری کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے اور اس سلسلے میں ایف بی آر کے سینئر افسران ہر ماہ کے پہلے ہفتے میں خود کراچی کا دورہ کریں تاکہ کاروباری برادری سے براہِ راست رابطہ قائم کر کے ان کے مسائل بلاتاخیر حل کیے جا سکیں۔

یہ بھی پڑھیں : امریکا نے لاہور اور کراچی کے قونصل خانوں میں ویزا سروسز بحال کرنے کا اعلان کردیا

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اعلان کیا کہ ٹیکس قوانین کی پابندی کرنے والی کمپنیوں کی سرکاری سطح پر بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی اور ان کی خدمات کا سرکاری سطح پر اعتراف کیا جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کا واحد مقصد کاروبار میں آسانی پیدا کرنا، سرمایہ کاری اور برآمدات کو فروغ دینا، اور ٹیکس نظام کو مزید شفاف اور آسان بنانا ہے تاکہ کاروباری برادری کا اعتماد بحال ہو سکے۔

اجلاس کے دوران ایف بی آر کی کارکردگی اور جاری اصلاحات کے نفاذ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ شوگر، سیمنٹ، ٹوبیکو، ٹائلز اور فرٹیلائزرز کی صنعتوں میں پروڈکشن مانیٹرنگ سسٹم کی تنصیب کامیابی سے مکمل ہو چکی ہے، جبکہ ٹیکسٹائل اور مشروبات (بیوریجز) کی صنعتوں میں یہ نظام لگانے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔

بریفنگ کے دوران چونکا دینے والے انکشافات سامنے آئے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران پروڈکشن مانیٹرنگ کے ذریعے شوگر انڈسٹری سے 42 بلین روپے، سیمنٹ انڈسٹری سے 38 بلین روپے اور بیوریجز انڈسٹری سے 15 بلین روپے کا اضافی ٹیکس اکٹھا کیا گیا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔