ہفتہ، 25-جولائی،2026
جمعہ 1448/02/10هـ (24-07-2026م)

ای پاسپورٹ بنوانے والوں کے لیے اہم خبر، حکومت نے نئی فیسوں کا اعلان کر دیا

16 جولائی, 2026 10:27

حکومت نے جدید سفری نظام کو فروغ دینے کے لیے ای پاسپورٹ کے اجرا کا عمل مزید تیز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں سال 2026 کے لیے ای پاسپورٹ کی نئی فیسوں کا بھی باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ای پاسپورٹ جدید سیکیورٹی خصوصیات سے لیس ہوگا، جس سے نہ صرف سفری عمل آسان ہوگا بلکہ بین الاقوامی سطح پر پاکستانی شہریوں کو بھی بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔

ای پاسپورٹ میں ایک جدید الیکٹرانک چِپ نصب کی جائے گی، جس میں پاسپورٹ ہولڈر کا بائیومیٹرک ڈیٹا اور دیگر ضروری معلومات محفوظ ہوں گی۔ یہ پاسپورٹ بین الاقوامی شہری ہوابازی تنظیم (ICAO) کے مقررہ معیار کے مطابق تیار کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے دنیا کے مختلف ممالک میں اس کی تصدیق تیزی سے ممکن ہوگی۔

حکام کے مطابق نئے ای پاسپورٹ میں این ایف سی چِپ، لیزر اینگریونگ، انفراریڈ اور الٹرا وائلٹ سیکیورٹی فیچرز شامل کیے گئے ہیں۔ ان جدید خصوصیات کی بدولت جعلی پاسپورٹ بنانے کے امکانات کم ہوں گے جبکہ ہوائی اڈوں پر شناخت اور امیگریشن کا عمل بھی پہلے سے زیادہ محفوظ اور تیز ہو جائے گا۔

ای پاسپورٹ رکھنے والے پاکستانی شہری دنیا کے ان ہوائی اڈوں پر ای گیٹ (e-Gate) کی سہولت بھی استعمال کر سکیں گے جہاں یہ نظام موجود ہے۔ اس سے امیگریشن کاؤنٹرز پر لمبی قطاروں میں انتظار کرنے کی ضرورت کم ہوگی اور مسافروں کا قیمتی وقت بچے گا۔

حکومت نے پاسپورٹ دفاتر میں فیس جمع کروانے کا نظام بھی مکمل طور پر تبدیل کر دیا ہے۔ اب ملک بھر کے تمام پاسپورٹ دفاتر میں نقد رقم وصول نہیں کی جائے گی۔ شہری آن لائن یا کیش لیس نظام کے ذریعے فیس جمع کروا سکیں گے، جس سے شفافیت بڑھے گی اور درخواست گزاروں کو بار بار دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔

سال 2026 کے لیے جاری کی گئی نئی فیسوں کے مطابق 36 صفحات پر مشتمل 5 سالہ ای پاسپورٹ کی نارمل فیس 9 ہزار روپے جبکہ ارجنٹ فیس 15 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ اسی طرح 10 سالہ 36 صفحات والے ای پاسپورٹ کی نارمل فیس 13 ہزار 500 روپے اور ارجنٹ فیس 22 ہزار 500 روپے ہوگی۔

72 صفحات پر مشتمل ای پاسپورٹ کے لیے بھی نئی فیسیں مقرر کی گئی ہیں۔ پانچ سال کے لیے اس کی نارمل فیس 16 ہزار 500 روپے جبکہ ارجنٹ فیس 27 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔ اگر کوئی شہری 10 سالہ 72 صفحات والا ای پاسپورٹ بنوانا چاہے تو اسے نارمل درخواست پر 24 ہزار 750 روپے اور ارجنٹ درخواست پر 40 ہزار 500 روپے ادا کرنا ہوں گے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔