ہفتہ، 25-جولائی،2026
جمعہ 1448/02/10هـ (24-07-2026م)

پشاور میں سعودی ایئرلائن کا دفتر قائم، حج و عمرہ زائرین سمیت شہریوں کو بڑی سہولت مل گئی

16 جولائی, 2026 11:11

پشاور میں سعودی ایئرلائن کے نئے دفتر کا باضابطہ افتتاح کر دیا گیا ہے، جس سے خیبرپختونخوا کے شہریوں، بالخصوص حج اور عمرہ کے لیے سفر کرنے والے افراد کو نمایاں سہولت حاصل ہوگی۔

افتتاحی تقریب میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پشاور میں سعودی ایئرلائن کا دفتر قائم ہونا صوبے کے عوام کے لیے خوش آئند خبر ہے۔ سعودی عرب پاکستان کا دیرینہ دوست ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات ہمیشہ اعتماد، تعاون اور بھائی چارے پر مبنی رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا سے ہر سال ہزاروں افراد حج اور عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب جاتے ہیں۔ ایسے میں پشاور میں سعودی ایئرلائن کے دفتر کا قیام مسافروں کے لیے ٹکٹنگ، معلومات، بکنگ اور دیگر سفری معاملات کو مزید آسان بنائے گا۔ اس سہولت سے لوگوں کو دوسرے شہروں کا رخ کرنے کی ضرورت بھی کم ہوگی۔

فیصل کریم کنڈی نے سعودی عرب کے سفیر کی خیبرپختونخوا آمد کو بھی مثبت پیش رفت قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے اس موقع پر سعودی حکام سے پشاور میں سعودی قونصل خانہ قائم کرنے کی درخواست بھی کی تاکہ ویزا اور قونصلر خدمات تک عوام کی رسائی مزید بہتر بنائی جا سکے۔

گورنر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد کی ایک طویل تاریخ موجود ہے۔ مستقبل میں بھی اقتصادی، تجارتی اور سفری شعبوں میں تعاون مزید فروغ پائے گا، جس سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ پہنچے گا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔