ہفتہ، 25-جولائی،2026
جمعہ 1448/02/10هـ (24-07-2026م)

خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری ملازمین کے  ہاؤس ریکوزیشن اور اسپیشل کنوینس الاؤنس میں اضافہ کردیا

16 جولائی, 2026 10:52

خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری ملازمین کے لیے مالی سہولتوں میں اضافہ کرتے ہوئے ہاؤس ریکوزیشن الاؤنس کی نئی شرحوں کی منظوری دے دی ہے۔

 اس فیصلے سے صوبائی سول سیکریٹریٹ، وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ اور گورنر سیکریٹریٹ میں خدمات انجام دینے والے گریڈ 3 سے گریڈ 22 تک کے ملازمین اور افسران مستفید ہوں گے۔ محکمہ خزانہ کی جانب سے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، جبکہ نئی شرحوں کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے کر دیا گیا ہے۔

محکمہ خزانہ کے مطابق حکومت نے بڑھتے ہوئے رہائشی اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہاؤس ریکوزیشن الاؤنس میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔ نئی پالیسی کے تحت گریڈ 3 سے 6 کے ملازمین کو ماہانہ 6 ہزار روپے الاؤنس دیا جائے گا۔ گریڈ 7 سے 10 کے ملازمین 9 ہزار روپے ماہانہ حاصل کریں گے، جبکہ گریڈ 11 سے 13 کے لیے یہ رقم 13 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ اسی طرح گریڈ 14 اور 15 کے ملازمین کو ہر ماہ 16 ہزار روپے ہاؤس ریکوزیشن الاؤنس دیا جائے گا۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ گریڈ 16 کے افسران اور ملازمین کو 18 ہزار روپے ماہانہ ملیں گے۔ گریڈ 17 اور 18 کے افسران کے لیے یہ رقم 21 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ گریڈ 19 کے افسران کو 28 ہزار روپے، گریڈ 20 کو 35 ہزار روپے، گریڈ 21 کو 42 ہزار روپے جبکہ گریڈ 22 کے اعلیٰ افسران کو 52 ہزار روپے ماہانہ ہاؤس ریکوزیشن الاؤنس ادا کیا جائے گا۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا حکومت نے معذور سرکاری ملازمین کے لیے بھی اہم فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ خزانہ نے اسپیشل کنوینس الاؤنس میں نمایاں اضافہ کرتے ہوئے اسے 6 ہزار روپے سے بڑھا کر 10 ہزار روپے ماہانہ کر دیا ہے۔ اس فیصلے کا مقصد خصوصی افراد کو سفری اخراجات میں ریلیف فراہم کرنا اور ان کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی کو مزید آسان بنانا ہے۔

حکومت کے مطابق معذور ملازمین کے اسپیشل کنوینس الاؤنس میں اضافے کا اطلاق بھی یکم جولائی 2026 سے ہو چکا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔