سندھ سیف سٹیز اتھارٹی کا نو پارکنگ مقامات پر اسمارٹ کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ

سندھ سیف سٹیز اتھارٹی نے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو مزید مؤثر بنانے کے لیے نو پارکنگ زونز میں اسمارٹ کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق جدید کیمروں کے ذریعے نو پارکنگ مقامات پر کھڑی گاڑیوں کی خودکار نشاندہی کی جائے گی، جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں ٹریکس سسٹم کے ذریعے فیس لیس ای چالان جاری کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق اسمارٹ کیمرے گاڑیوں کی معلومات براہِ راست ٹریفک پولیس کو فراہم کریں گے، جس سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائی مزید تیز اور مؤثر ہو سکے گی۔
کراچی میں سیف سٹی منصوبے کے تحت 1300 سے زائد جدید اے آئی کیمرے پہلے ہی فعال ہیں، جو افراد، گاڑیوں اور اہم سرگرمیوں کی خودکار شناخت کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
اتھارٹی کے مطابق ٹریکس سسٹم کے ذریعے فیس لیس ای چالان کا نظام پہلے سے نافذ العمل ہے، جبکہ اسمارٹ نو پارکنگ کیمروں کے اضافے سے ٹریفک نظم و ضبط میں مزید بہتری آئے گی۔
سندھ سیف سٹیز اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور اپنی گاڑیاں صرف مقررہ پارکنگ ایریاز میں کھڑی کریں تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جا سکے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








