بنوں میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، فتنہ الخوارج کے 24 دہشت گرد ہلاک

پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بنوں اور ملحقہ علاقوں میں حالیہ دہشت گردی اور خودکش حملے کے بعد آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کے 24 دہشت گردوں کو ہلاک کر کے بھاری اسلحہ برآمد کر لیا۔
راولپنڈی سے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بنوں میں پولیس پر ہونے والے حالیہ دہشت گردی کے واقعات اور گاڑی کے ذریعے کیے گئے خودکش دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مل کر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن شروع کیا۔
اس دھماکے اور دہشت گردی میں بھارتی سرپرستی میں چلنے والی تنظیم فتنہ الخوارج ملوث تھی، جس نے معصوم شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنایا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : بنوں کے تین سگے بھائیوں کا فتنہ الخوارج سے منسلک اپنے بھائی سے لاتعلقی کا اعلان
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بنوں اور اس کے قریبی علاقوں میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 24 خوارج دہشت گرد ہلاک کر دیئے گئے ہیں۔
مارے جانے والے ان خوارج کے قبضے سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ یہ دہشت گرد اس سے قبل بھی متعدد تخریب کار کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل عام میں سرگرم رہے ہیں۔
پاک فوج کے مطابق اس علاقے میں آپریشن تاحال بلا تعطل جاری رہے گا اور معصوم لوگوں کا خون بہانے والے تمام عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
قومی ایکشن پلان کی مرکزی کمیٹی کی جانب سے منظور کیے گئے وژن عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف یہ مہم پوری طاقت سے جاری رکھی جائے گی تاکہ ملک سے بیرونی فنڈنگ پر چلنے والی دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ کیا جا سکے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










