ہفتہ، 25-جولائی،2026
جمعہ 1448/02/10هـ (24-07-2026م)

پنجاب میں ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والوں کیلئے بڑی سہولت متعارف

17 جولائی, 2026 09:48

پنجاب حکومت نے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے اور اس کی تجدید کروانے کے خواہشمند شہریوں کے لیے ایک اور اہم سہولت متعارف کروا دی ہے۔

 اب شہری نہ صرف ای خدمت مراکز سے فوری طور پر لرنر ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر سکتے ہیں بلکہ باقاعدہ ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید بھی گھر بیٹھے موبائل فون کے ذریعے آن لائن کروا سکتے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد عوام کو دفاتر کے غیر ضروری چکر لگانے سے بچانا اور سرکاری خدمات کو جدید اور آسان بنانا ہے۔

پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) کے تحت قائم پنجاب بھر کے 15 ای خدمت مراکز میں شہریوں کو لرنر ڈرائیونگ لائسنس کے لیے درخواست دینے کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔ درخواست مکمل ہونے کے بعد لرنر لائسنس موقع پر ہی جاری کر دیا جاتا ہے، جو چھ ماہ تک قابلِ استعمال رہتا ہے۔ شہری صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک ان مراکز سے یہ سہولت حاصل کر سکتے ہیں۔ مزید رہنمائی کے لیے شہری ای خدمت کی ہیلپ لائن یا سرکاری ویب سائٹ سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ محکمہ ٹریفک پولیس نے ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کے عمل کو بھی مکمل طور پر آن لائن کر دیا ہے۔ اب شہری "دستک ایپ” کے ذریعے اپنے موبائل فون سے درخواست جمع کروا سکتے ہیں۔ اس سروس کے ذریعے درخواست گزار اپنی معلومات درج کرتا ہے، مطلوبہ دستاویزات اپ لوڈ کرتا ہے، سرکاری فیس آن لائن ادا کرتا ہے اور پھر اپنے لائسنس کی تیاری اور ترسیل کی صورتحال بھی ایپ کے ذریعے باآسانی چیک کر سکتا ہے۔

آن لائن تجدید کے لیے چند ضروری دستاویزات درکار ہوں گی۔ ان میں پاسپورٹ سائز تازہ تصویر، شناختی کارڈ کے دونوں جانب کی واضح تصاویر، پرانے ڈرائیونگ لائسنس کی کاپی اور اگر درخواست گزار کی عمر 50 سال سے زیادہ ہے تو سرکاری ڈاکٹر سے تصدیق شدہ میڈیکل سرٹیفکیٹ بھی لازمی شامل کرنا ہوگا۔ اس کے علاوہ فعال موبائل نمبر اور ای میل ایڈریس بھی فراہم کرنا ضروری ہے تاکہ درخواست سے متعلق تمام معلومات بروقت موصول ہو سکیں۔

دستک ایپ کے ذریعے درخواست دینے کے لیے سب سے پہلے گوگل پلے اسٹور یا ایپ اسٹور سے ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔ اس کے بعد شناختی کارڈ اور موبائل نمبر کی مدد سے اپنا اکاؤنٹ بنائیں۔ لاگ اِن کرنے کے بعد "Driving License Services” میں جا کر "Regular Driving License Renewal” کا انتخاب کریں۔ فارم میں تمام معلومات درست درج کریں اور مطلوبہ دستاویزات اپ لوڈ کرنے کے بعد درخواست جمع کرائیں۔

درخواست مکمل ہونے پر سسٹم ایک PSID نمبر جاری کرے گا۔ اس نمبر کے ذریعے موبائل بینکنگ، انٹرنیٹ بینکنگ یا اے ٹی ایم سے سرکاری فیس جمع کروائی جا سکتی ہے۔ ادائیگی کے بعد درخواست کو فائنل سبمٹ کرنا ضروری ہے، کیونکہ یہ مرحلہ مکمل کیے بغیر درخواست پراسیس نہیں ہوگی۔ درخواست جمع ہونے کے بعد شہری ڈی ایل آئی ایم ایس یا دستک ایپ پر اپنے لائسنس کی موجودہ صورتحال بھی دیکھ سکتے ہیں۔

محکمہ ٹریفک پولیس نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ لائسنس کی معیاد ختم ہونے سے پہلے ہی تجدید کی درخواست جمع کروا دیں تاکہ اضافی جرمانے سے بچا جا سکے۔ اگر لائسنس کی مدت ختم ہونے کے بعد درخواست دی جائے گی تو سسٹم خودکار طور پر تاخیر کے مطابق لیٹ فیس شامل کر دے گا۔

حکام کے مطابق کئی درخواستیں معمولی غلطیوں کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہو جاتی ہیں۔ دھندلی تصاویر اپ لوڈ کرنا، شناختی کارڈ یا لائسنس نمبر غلط درج کرنا، فیس جمع کرنے کے بعد فائنل سبمٹ نہ کرنا اور 50 سال سے زائد عمر ہونے کے باوجود میڈیکل سرٹیفکیٹ فراہم نہ کرنا ایسی عام غلطیاں ہیں جن سے شہریوں کو بچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔