جمعہ، 24-جولائی،2026
جمعہ 1448/02/10هـ (24-07-2026م)

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع

17 جولائی, 2026 14:18

اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت میں 26 نومبر کے واقعات کے کیس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی اور دیگر رہنماؤں کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کر دی گئی۔

اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت میں ایک اہم کیس کی سماعت کے دوران پولیس کی جانب سے تفصیلی رپورٹ جمع کروائی گئی ہے۔

اس رپورٹ میں کہا گیا کہ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی، جنید اکبر اور عبدالغنی آفریدی کے خلاف اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ یہ معاملہ مارگلہ پولیس اسٹیشن میں 26 نومبر کے واقعات کے تناظر میں درج کی گئی ایف آئی آر سے متعلق ہے۔

یہ بھی پڑھیں : آئیں میثاق جمہوریت کا حصہ بنیں اور دستخط کریں، خواجہ آصف کی پی ٹی آئی کو دعوت

پولیس نے ملزمان سہیل خان آفریدی، جنید اکبر اور عبدالغنی کی جانب سے چالان جمع نہ کرانے پر دائر کیے گئے نوٹس کا جواب عدالت میں جمع کرایا۔

رپورٹ کے مطابق عدالت کے 23 جون 2026 کے واضح حکم پر تمام ملزمان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری حاصل کیے گئے تھے، تاہم پولیس کی تمام تر کوششوں کے باوجود ان وارنٹ پر عمل درآمد ممکن نہ ہو سکا۔ وارنٹ کی عدم تعمیل کے بعد اب ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق اشتہاری کارروائی شروع کی گئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اشتہاری کارروائی مکمل ہونے کے بعد ضابطہ فوجداری کی دفعہ 173 کے تحت چالان کی تیاری اپنے آخری مراحل میں ہے اور چالان مکمل ہوتے ہی اسے عدالت کے سامنے پیش کر دیا جائے گا۔

ڈی آئی جی اسلام آباد کی رپورٹ میں یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ کیس کی کارروائی میں کسی بھی سطح پر کوئی غفلت، تاخیر یا کوششوں کی کمی نہیں ہوئی ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔