جمعہ، 24-جولائی،2026
جمعہ 1448/02/10هـ (24-07-2026م)

نومولود بچوں کی رجسٹریشن سے متعلق نادرا نے والدین کیلئے اہم ہدایت جاری کر دی

18 جولائی, 2026 10:18

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے نومولود بچوں کی رجسٹریشن کے حوالے سے والدین کو اہم ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر بچے کی پیدائش کے بعد مقررہ مدت کے اندر اس کی رجسٹریشن کروانا قانونی طور پر ضروری ہے۔

نادرا کے مطابق والدین کو چاہیے کہ بچے کی پیدائش کے ایک ماہ کے اندر اپنی متعلقہ یونین کونسل میں پیدائش کا اندراج ضرور کروائیں۔ رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد یونین کونسل کی جانب سے جاری کیا جانے والا کمپیوٹرائزڈ برتھ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (CRC) بچے کی پہلی قانونی شناخت تصور کیا جاتا ہے۔ یہی دستاویز بعد میں شناختی کارڈ، پاسپورٹ، اسکول داخلے اور دیگر سرکاری امور کے لیے بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔

ادارے نے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ اس عمل میں تاخیر نہ کریں۔ بچے کی پیدائش کے فوراً بعد رجسٹریشن کروانے سے بعد میں پیش آنے والی قانونی اور انتظامی مشکلات سے بچا جا سکتا ہے۔ اس مقصد کے لیے والدین اپنی متعلقہ یونین کونسل سے براہ راست رابطہ کر سکتے ہیں یا جدید ڈیجیٹل سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے بھی درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔

نادرا کے مطابق پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے پیدائش کی رجسٹریشن کی سہولت ملک کے مختلف حصوں میں فراہم کی جا رہی ہے۔ یہ سروس سندھ اور پنجاب کے تمام اضلاع میں دستیاب ہے، جبکہ خیبر پختونخوا میں ابتدائی طور پر ضلع پشاور، بلوچستان کے منتخب اضلاع اور اسلام آباد کی تمام یونین کونسلز میں بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔