جمعرات، 23-جولائی،2026
جمعرات 1448/02/09هـ (23-07-2026م)

سندھ میں 2 لاکھ 75 ہزار خاندانوں کو مفت سولر ہوم سسٹم دیے جائیں گے، وزیراعلیٰ سندھ

18 جولائی, 2026 09:30

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ میں 2 لاکھ 75 ہزار خاندانوں کو مفت سولر ہوم سسٹم دیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت ہونے والے جائزہ اجلاس میں سولر ہوم سسٹم منصوبے کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس منصوبے پر مجموعی طور پر 18 ارب 20 کروڑ 60 لاکھ روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔ اس کے تحت صوبے کے 2 لاکھ 75 ہزار غریب خاندانوں کو مفت سولر ہوم سسٹم فراہم کیے جائیں گے، تاکہ انہیں سستی، قابل اعتماد اور ماحول دوست بجلی میسر آ سکے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ منصوبے میں ایک لاکھ 32 ہزار آف گرڈ جبکہ ایک لاکھ 43 ہزار آن گرڈ صارفین شامل ہیں۔ آف گرڈ پروگرام ان علاقوں کے لیے ہے جہاں بجلی کی فراہمی محدود یا موجود نہیں، جبکہ آن گرڈ اسکیم میں ایسے محفوظ صارفین کو شامل کیا گیا ہے جو ماہانہ 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرتے ہیں۔

حکام کے مطابق ہر مستحق خاندان کو 180 واٹ کا سولر پینل، لیتھیم بیٹری، ایک پنکھا اور ایل ای ڈی لائٹس فراہم کی جا رہی ہیں۔ ان سولر کٹس کے ذریعے گھریلو ضروریات کے لیے بنیادی بجلی دستیاب ہوگی، جس سے بجلی کے اخراجات میں بھی نمایاں کمی آئے گی اور دور دراز علاقوں کے لوگوں کو بہتر سہولت ملے گی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ اب تک سندھ کے مختلف اضلاع میں 11 ہزار 571 سولر ہوم سسٹمز کامیابی سے نصب کیے جا چکے ہیں۔ گھوٹکی، عمرکوٹ، شہید بینظیر آباد، دادو، تھرپارکر، ٹھٹھہ اور کراچی سمیت کئی اضلاع میں تنصیب کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ منصوبے کا آغاز اپریل 2025 میں کیا گیا تھا، جبکہ اسے جون 2027 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ نیشنل انرجی اینڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن سولر کٹس کی فراہمی کی ذمہ دار ہے، جبکہ سندھ رورل سپورٹ آرگنائزیشن (SRSO) ان سسٹمز کی مفت تنصیب، دیکھ بھال اور دو سالہ وارنٹی فراہم کرے گی۔ اس سے صارفین کو اضافی اخراجات سے بھی بچایا جائے گا۔

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ منصوبے پر عملدرآمد کی رفتار مزید بڑھائی جائے تاکہ مستحق خاندان جلد از جلد مفت سولر ہوم سسٹمز حاصل کر سکیں۔ حکومت عوام کو متبادل توانائی کی سہولت فراہم کرنے اور بجلی کے بڑھتے ہوئے اخراجات کا بوجھ کم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔