وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات، مالی ضروریات اور ترقیاتی منصوبوں پر گفتگو

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف سے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں خطے کی مالی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے وزیراعظم کو خطے کو درپیش مالی چیلنجز بالخصوص بجٹ خسارے سے آگاہ کیا اور کہا کہ مالی مشکلات کے باعث ترقیاتی منصوبوں کی رفتار متاثر ہو رہی ہے۔
انہوں نے وفاقی حکومت سے درخواست کی کہ گلگت بلتستان کی مالی ضروریات پوری کرنے کے لیے خصوصی تعاون فراہم کیا جائے تاکہ جاری ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل کیے جا سکیں۔
وزیراعلیٰ نے توانائی کے شعبے کو ترجیحی قرار دیتے ہوئے بجلی کے مسائل کے حل اور جاری منصوبوں کے لیے فنڈز کی بروقت فراہمی کی ضرورت پر زور دیا۔
ملاقات میں گندم سبسڈی کے معاملے پر بھی تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے سبسڈی میں کمی پر تشویش کا اظہار کیا، جس پر وزیراعظم نے گلگت بلتستان کے لیے گندم کا مکمل کوٹہ بحال کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے وفاق سے خطے میں انٹرنیٹ بینڈوڈتھ میں اضافے، سیاحت کے فروغ کے لیے جدید سہولیات کی فراہمی اور گلگت میں بڑے طیاروں کے لیے موزوں ہوائی اڈے کی تعمیر میں تعاون کی درخواست بھی کی۔
ملاقات میں نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے، فنی تربیت، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور پائیدار معاشی مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ امجد حسین نے گلگت بلتستان کی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے وفاقی حکومت کے تعاون کو سراہتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر گلگت بلتستان کی پائیدار ترقی، عوامی خوشحالی اور اہم ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے وفاقی حکومت کے مکمل تعاون کا اعادہ کیا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









